مزید خبریں

Jamaat e islami

ہول سیلر سے ٹیکس‘ بل اور کھلا تیل فروخت کرنے کی دستاویز طلب

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ ہائیکورٹ میں سندھ میں کھلے گھی اور تیل پر پابندی اور گوداموں کی سیل کھولنے سے متعلق درخواستوں کی سماعت، عدالت نے ہول سیلر سے ٹیکس کی ادائیگی، بجلی کے بل اور کھلا تیل فروخت کرنے سے متعلق قانونی دستاویزات طلب کرلیں، سماعت ایک ہفتے کیلیے ملتوی۔ گزشتہ روز سماعت پر عدالت نے استفسار کیا کہ ہول سیلر کی
جانب سے گوداموں کو سیل کرنے پر اعتراض ہے؟ ہول سیلر گھی اور تیل خود بناتے ہیں یا کسی دوسری فیکٹری سے خرید کر فروخت کرتے ہیں؟ ہول سیلر کس فیکٹری سے گھی اور تیل خرید کر فروخت کرتے ہیں؟۔ ہول سیلر کے وکیل کا کہنا تھا کہ مختلف فیکٹریوں سے کھلا تیل اور گھی خرید کر فروخت کرتے ہیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ شہر میں کئی فیکٹریاں بغیر لائسنس کے چل رہی ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، خریداری کی کوئی رسید بل یا کوئی تو دستاویزات ہوں گی وہ پیش کریں۔ ہول سیلر کے وکیل کا کہنا تھا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی نے شوکاز نوٹس دیے بغیر گوداموں کو سیل کیا۔ عدالت کا کہناتھا کہ ہم کیس کی جزوی سماعت مکمل کرلیتے ہیں، عدالت نے ہول سیلر سے ٹیکس کی ادائیگی، بجلی کے بل اور کھلا تیل فروخت کرنے سے متعلق قانونی دستاویزات طلب کرتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت ایک ہفتے کیلیے ملتوی کردی۔