مزید خبریں

Jamaat e islami

ڈالر کی قیمت میں کمی ، اشیا ضروریہ کے نرخوں میں اضافہ واپس لیا جائے

 

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکومت روپے کی قدر میں استحکام کے اثرات عوام کو جلد ازجلد منتقل کرے۔ پیٹرول، بجلی، گیس،آٹا، چینی، گھی، دالوں سمیت دیگر اشیا خورونوش میں عوام کو ریلیف دیا جائے۔ڈالر کی قیمت میں کمی کے باوجود اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے کا کوئی جواز نہیں رہتا۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے بجائے اضافہ عام آدمی کیلیے مشکلوں کے پہاڑ کھڑے کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی اور روپے کی قدر میں اضافہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی ہفتوں میں ڈالر کی بڑھتی قیمت کے پیش نظر تما م اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے جبکہ اب ڈالر کی قیمت میں کمی واقع ہورہی ہے تو اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں ہونے والے اضافہ کو فوری طور پر واپس لیا جائے تاکہ مہنگائی کی چکی میں پسی عوام سکھ کا سانس لے سکے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمتوں میں بہت بڑی کمی کے باوجود بھی لوگوں کو پٹرول کی قیمتوں میں ریلیف نہیں دیا گیا جو قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایک ماہ میں کئی مرتبہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرتی ہے اور پھر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر لوگوں جبیوں پر مزید ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ بجلی کی بلوں کے ذریعے مزید ٹیکس بھی بٹوارے جارہے ہیں۔ عوام حکومت کے اس ظالمانہ رویے کو مزید برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ۔حکومت ٹیکس کے نظام کو ٹھیک کرے اور جن لوگوں سے ٹیکس لیا جانا چاہیے ان ہی سے ٹیکس وصول کیا جائے۔ یوٹیلیٹی بلز کے ذریعے سے ٹیکسوں کی وصولی ظالمانہ اقدام اور حکومتی اداروں نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کو بجلی کے بلوں میں ریلیف کے اعلان کے بعد آئی ایم ایف کی کسی نئی شرائط پر ٹیکسوں کے ذریعے عوام کا مزید معاشی قتل کرنے سے باز رہے اور گھریلو صارفین کیلئے بجلی کے ظالمانہ ٹیکسز کو واپس لیا جائے اگر حکومت نے بجلی کے بلوں میں ٹیکسز واپس نہیں لیے تو 17 اگست کو لیسکو ہیڈ آفس کے باہربڑا احتجاج کیا جائے گا۔