مزید خبریں

Jamaat e islami

پاک بحریہ کا آپریشن :ڈوبنے والی بھارتی کشتی کے 9 افسراد کو بچالیا

کراچی( نمائندہ جسارت ) پاکستان نیوی نے کھلے سمندر میں ڈوبنے والی بھارتی کشتی کے لیے امدادی آپریشن کرتے ہوئے دس میں سے نو بھارتی مسافروں کو بچالیا۔ترجمان نیوی کے مطابق پاک بحریہ نے کھلے سمندر میں بھارتی کشتی جمنا ساگر کے ڈوبنے کی اطلاع پر بروقت امدادی کارروائی کرتے ہوئے کشتی کے دس میں سے 9 افراد کوبچالیا۔بحریہ کے اہلکاروں نے انہیں بحری جہاز (MT KRUIBEKE) کے ذریعے بچایا اور انہیں محفوظ جگہ منتقل کردیا جب کہ ایک شخص سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا جس کی لاش نکال لی گئی۔ بھارتی کشتی ” جمنا ساگر” 09 اگست کو عملے کے دس افراد کے ہمراہ بحیرہ عرب میں گوادر کے قریب ڈوب گئی تھی۔ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی) کے مطابق پاک بحریہ نے گوادر کے قریب کھلے سمندر میں بھارتی کشتی “جمنا ساگر” کے ڈوبنے کی اطلاع ملی فوری طور پر پاکستان میری ٹائم انفارمیشن سینٹر نے قریبی بحری جہاز MT KRUIBEKE کو ہدایات دیں کہ ڈوبنے والے بھارتی عملے کی امداد کی جائے۔ تاہم بحری جہاز نے عملے کے 09 افراد کو زندہ بچا لیا اور دبئی کی بندر گاہ کی طرف اپنا سفر جاری رکھا جہاں وہ کشتی کے عملے کو اتار یں گے ۔ اسی دوران پاک بحریہ کا ایک جہاز دو ہیلی کاپٹرز نے مشترکا سرچ آپریشن میں حصہ لیا اور ڈوبنے والے ایک بھارتی شہری کی نعش کو تلاش کیا۔ پاک بحریہ کے عملے نے نعش کو مزید کاروائی کے لیے پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے حوالے کیا۔ترجمان بحریہ نے کہا ہے کہ پاک بحریہ کا سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی زندگی کے تحفظ کے عزم کا مظہر ہے۔ پاک بحریہ اپنے پانیوں کے اندر اور باہر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں امداد کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔