مزید خبریں

Jamaat e islami

امریکی سفیر کی قائداعظمؒ‘ لیاقت علی‘ فاطمہ جناح کے مزار پر حاضری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر حاضری، پاکستان کی آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا، مزار قائد پر پھول چڑھائے۔ علاوہ ازیں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان اور قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ فاطمہ جناح کے مزار پر بھی حاضری دی۔ انہوں نے میوزیم کا دورہ کرتے ہوئے بانی پاکستان کی زندگی سے وابسطہ شاہکار فن پاروں کا بھی معائنہ کیا۔ امریکی سفیر نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کرتے ہوئے کہا کہ مزار قائد کا دورہ اور بانی پاکستان محمد علی جناحؒ کے عظیم ورثے کو یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کرنا باعث فخر ہے، قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اپنے ملک اور پڑوسی ممالک میں امن سمیت پاکستان میں مذہبی رواداری، معاشی و معاشرتی استحکام کا تصور پیش کیا، امریکا بانی پاکستان کے تصورات کو پھیلانے میں شراکت دار ہے، ہم امریکی عوام کی جانب سے پاکستان کو آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ امریکا اور پاکستان اس سال باہمی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی خوشی منا رہے ہیں۔