مزید خبریں

Jamaat e islami

نابلس ، اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 3فلسطینی شہید

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی فوج نے چھاپے کے دوران 3فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ فلسطینی محکمہ صحت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض فوج نے نابلس میں 2فلسطینی مزاحمت کاروں ابراہیم نابلسی اور اسلام صبوح کو گولیاں مار کر شہید کیا۔ فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ابراہیم نابلسی اور اس کے ساتھ موجود ایک اور مزاحمت کار کو جان سے مار دیا گیا ہے۔ابراہیم نابلسی مغربی کنارے میں تحریک فتح کی مسلح بازی شہدائے الاقصیٰ بریگیڈ کے کمانڈر تھے۔ ان کے گھر پر کارروائی کے دوران علاقے میں جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے دوران ایک فلسطینی شہید ،جب کہ 40 افراد زخمی ہوگئے۔ آپریشن کے دوران قابض فوج نے ایک 16 سالہ لڑکے حسین جمال طٰہٰ کو گولیاں مار کر شہید کیا۔ عالمی ادارے ہلال احمر کے مطابق قابض فوج نے ایمبولینس کے طبی عملے کو فلسطینی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے سے روک دیا اور ایمبولینس پر بھی فائرنگ کی۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کے ہیکر وں کے گروہ نے اسرائیلی وزارت زراعت کی سائٹ کو ہیک کرلیا ۔ عبرانی اخبار یدیعوت احرونوت کے مطابق ایلات اور اشدود کی بندرگاہ کے ساتھ قابض پولیس کالج کی ویب سائٹ کو بھی ہیک کیا گیا تھا۔ اخبار کے مطابق فلسطین کے حامی ہیکروں کے گروپ نے گزشتہ حملوں کی طرح سائٹ تک رسائی کو روکنے کی کوشش کی۔تاہم تازہ حملے میں ہیکر ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل نہیں کرسکے۔