مزید خبریں

Jamaat e islami

ملک کوفلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد جاری ہے ،سلیم گجر

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیرچودھری سلیم گجر،جنرل سیکرٹری محمدبلال انورنے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے کیلیے جدوجہد کررہی ہے،ہماری اندرون و بیرون ملک تمام پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے ہمارے ہمقدم بنیں۔چوھدری سلیم گجرنے کہا اسلاموفوبیا خوفناک شکل اختیار کرچکا ہے، مغرب میں مسلمانوں پر حملے روز کا معمول بن گئے، اسلام رحمت اور برکت کا دین ہے، سامراجی اور استعماری قوتوں نے اسلام کے خلاف معاندانہ سلسلہ شروع کر رکھا ہے، آج بھی دنیا میں کربلا کی طرح معرکہ حق و باطل جاری ہے، ایک طرف سامراجی طاقتیں اور ان کے زرخرید غلام اور دوسری جانب مظلوم اور جبر کے خلاف آواز بلند کرنے والے لوگ ہیں۔ جماعت اسلامی ظلم اور ناانصافی کا ہر سطح پر مقابلہ کرے گی، کربلا سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ جبر و استبداد کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہوا جائے، اجتماعیت سے ہی استعمار کے ایجنڈے کو شکست دی جاسکتی ہے، پاکستان دہائیوں سے استعماری طاقتوں اور ان کے وفاداروں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے، فلسطین و کشمیر سمیت مڈل ایسٹ، مشرق بعید ہر جگہ شیطانی کھیل جاری ہے، امریکا اور عالمی طاقتیں مسلمانوں کے وسائل پر قابض اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل اللہ کے احکامات کو اپنانے میں ہے، دین کی سربلندی کے لیے جدوجہد ہر مسلمان کی اولین ذمے داری ہے، پاکستان کے مسائل اسی وقت حل ہوں گے جب قوم اپنے حقوق کے لیے بھرپور آواز بلند کرے گی اور جاگیرداروں اور استعمار کے وفاداروں کو جمہوری اور پرامن طریقہ سے اپنے گھر کا راستہ دکھائے گی۔