مزید خبریں

Jamaat e islami

جب بھی پارلیمنٹ بلائیگی حاضر ہوں گا، چیئرمین نیب

اسلام آباد (اے پی پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کو چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے بتایا ہے کہ جب بھی پارلیمنٹ بلائے گی تو حاضر ہوں گا۔ قبل ازیں انٹیلی جنس بیورو میں تعیناتی کے دوران بھی دل و جان سے ملک و قوم کی خدمت کی، اب بھی کوئی کمی نہیں چھوڑوں گا۔ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو یہاں قائمہ کمیٹی کے چیئرمین بیرسٹر علی ظفر کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے اجلاس کے دوران ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ چیئرمین نیب بھی شریک ہوئے۔ چیئرمین کمیٹی بیرسٹر علی ظفر نے پہلی مرتبہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت پر چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا خیرمقدم کیا۔ کمیٹی کے رکن سینیٹر شبلی فراز نے اس موقع پر آفتاب سلطان کی گزشتہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے کہا کہ جب میں ڈی جی آئی بی تھا تو اس وقت انسداد دہشت گردی کے حوالے سے بڑا کام کیا گیا۔ اجلاس کی غیر رسمی کارروائی کے دوران کمیٹی اراکین نے سوات کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر قانون بیرسٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ شرپسند عناصر کو اکٹھا ہونے کا موقع ہی نہیں ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب آفتاب سلطان کی کمیٹی اجلاس میں شرکت کو خوش آئند سمجھتے ہیں۔ پارلیمان تمام اداروں کی ماں ہے اور پارلیمنٹ سے ہی تمام ادارے وجود میں آئے ہیں۔ کورم پورا نہ ہونے پر کمیٹی کا اجلاس ایجنڈا پر کارروائی کے بغیر ہی ملتوی کر دیا گیا ہے۔