مزید خبریں

شہباز گل 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے تحقیقاتی ٹیم تشکیل

اسلام ٓبااد( نمائندہ جسارت+صباح نیوز +آن لائن) تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ انہیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جبکہ شہباز گل کے وکیل فیصل چودھری نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی۔عدالت کے باہر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور اسلام آباد پولیس کی اضافی نفری تعینات تھی جبکہ پولیس نے صحافیوں کو کوریج سے روک دیا۔بعد ازاں عدالت نے پولیس اور شہباز گل کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظورکرلی۔ عدالت نے کوہسار پولیس کو شہباز گل کا طبی معائنہ کرنانے اور جمعہ کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم شہباز گل سے موبائل فون برآمد کرنا ہے، ملزم جس پیپر سے دیکھ کر بول رہا تھا وہ بھی برآمد کرنا ہے، پروگرام کس کے کہنے پر ہوا اس بارے میں بھی تفتیش کرنی ہے۔ شہباز گل پر تھانہ کوہسار میں اداروں کے خلاف بیان بازی پر بغاوت سمیت سنگین نوعیت کے 10 مقدمات درج ہیں، انہیں گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔ مقدمے کے متن کے مطابق شہباز گل نے نجی ٹی وی پروگرام میں فوج کو تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے فوج کے مختلف رینک کے افسران کو سیاسی جماعت سے جوڑنے کی کوشش کی۔مزید برآں ذرائع کے مطابق پولیس نے 6 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے، جس کی سربراہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن کریں گے جب کہ ایس پی سٹی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ تحقیقاتی ٹیم وزارت داخلہ کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ہے، جو براہ راست ڈی آئی جی آپریشن کو رپورٹ کرے گی۔علاوہ ازیں شہباز گل نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو اکسانے کی کوشش نہیں کی ، ادارے ہماری جان ہیں،میرے بیان میں کچھ ایسا نہیں جس سے شرمندگی ہو، میرا بیان ایک محب وطن کا بیان ہے۔ مزید برآں تحریک انصاف نے شہباز گل سے لا تعلقی کا اظہار کردیا۔ پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر علی اعوان نے اسلام آباد پولیس کو درخواست دی ہے کہ ہمارا شہباز گل سے کوئی تعلق نہیں ہے ،وہ تو عمران خان کے اسٹاف کا محض ایک ممبر ہے۔