مزید خبریں

افواج پاکستان کیخلاف تنقید قطعی برداشت نہیں،وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کے خلاف تنقید قطعی برداشت نہیںکی جائے گی۔عمران خان کے وڈیو پیغام پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے گزشتہ 4ماہ فوجی قیادت کے خلاف کس طرح کے القابات استعمال کیے اور اْن کے سوشل میڈیا ٹرولز نے افواج کے خلاف نفرت سے بھرپور ٹرینڈز چلائے۔ وزیر اعظم نے سوال کیا کہ کیا شہدا کے خاندان بھول جائیں گے؟۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیازی خود کو بے وقوف بنا سکتے ہیں، قوم کو نہیں بنا سکتا۔علاوہ ازیں وزیراعظم اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابط ہوا ہے۔اس دوران دونوں رہنماوں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ شہباز گل کی گرفتاری کے بعد پیدا صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ریاستی قومی اداروں کی مضبوطی ناگزیر ہے،عمران خان کا نظریہ اداروں کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ہے ۔اس دوران آصف علی زرداری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی دفاعی اداروں کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا قابل مذمت ہے،ریاستی اداروں کو کمزور کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کے حوالے سے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ۔مزید برآں وزیراعظم نے گزشتہ پونے 4سال کے دوران بجلی کے منصوبوں کی تعمیر میں تعطل سے متعلق انکوائری کمیشن کی رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں درآمدی ایندھن سے مہنگی بجلی کے بجائے لوگوں کو سولر کا متبادل دیا جائے گا،شمسی توانائی سے نہ صرف مہنگے درآمدی ایندھن کا بل کم ہوگا بلکہ کم لاگت، ماحول دوست بجلی پیدا ہوگی۔