مزید خبریں

قابض بھارتی فوج نے 24 گھنٹے کے دوران 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران بدھ کو ضلع بڈگام میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوج اور پیراملٹری فورسز کے اہلکاروں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے وترہ ہیل میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا‘ اس طرح 24 گھنٹے میں قابض فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد4 ہوگئی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے ممتاز کشمیری رہنما شیخ عبدالعزیز شہید کو ان کے14ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ شیخ عبدالعزیز کو بھارتی فوج نے 11 اگست 2008ء کو اس وقت گولی مار کر شہید کر دیا تھا جب وہ جموں کے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے وادی کشمیر کی اقتصادی ناکا بندی کے خلاف سری نگر سے کنٹرول لائن کی طرف ایک جلوس کی قیادت کر رہے تھے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میںکہا ہے کہ شیخ عبدالعزیز حقیقی معنوں میں دیانتدار اور مخلص شخصیت تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کے لیے وقف کر دی۔ نعیم احمد خان، غلام محمد خان سوپوری، بشیر اندرابی، چودھری شاہین اقبال، غلام نبی وار، عبدالاحد پرہ، عاقب وانی، زمرودہ حبیب، یاسمین راجا، فریدہ بہن جی، ڈاکٹر مصعب، محمد فاروق رحمانی اور شیخ عبدالمتین سمیت دیگر حریت رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔