اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نے بھارت کی بی جے پی حکومت کی جانب سے 14 اگست کو تقسیم کی ہولناکیوں کی یاد کا دن منانے کے شرارت پر مبنی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت کو مشورہ ہے کہ وہ آزادی سے متعلق واقعات پر سیاست کرنے سے باز آجائے اور اس کے بجائے ان تمام لوگوں کی یادوں کا مخلصانہ احترام کرے جنہوں نے سب کے بہتر مستقبل کے لیے قربانیاں دیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بی جے پی-آر ایس ایس کی حکومت کی جانب سے مخصوص ایجنڈے کے تحت پھر سے منافقانہ اور یک طرفہ طور پر 1947 میں آزادی کے بعد رونما ہونے والے المناک واقعات اور بڑے پیمانے پر ہجرت کے بارے میں رویہ افسوسناک ہے۔ بی جے پی حکومت اپنے منقسم سیاسی ایجنڈے کے حصہ کے طور پر تاریخ کی مسخ شدہ تشریح کے ذریعے عوام کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اگر بھارتی لیڈروں کو حقیقی طور پر اذیت، تکلیف اور درد کی پرواہے تو انہیں بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پچھلی7دہائیاں اس بات کے ناقابل تردید ثبوتوں سے بھری ہوئی ہیں کہ بھارتی حکومتوں کی جانب سے سیکورلرازم کی حمایت ڈھونگ تھی۔حقیقت یہ ہے کہ آج کا بھارت ایک غیر اعلانیہ ہندو راشٹرا ہے جس میں دوسری مذہبی اقلیتوں کے لیے کوئی جگہ یا رواداری نہیں ہے، خاص طور پر مسلمانوں کے لیے جنہیں امتیازی سلوک، ظلم و ستم اور سیاسی و سماجی طور پر اخراج کا سامنا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت کو مشورہ ہے کہ وہ آزادی سے متعلق واقعات پر سیاست کرنے سے باز آجائے اور اس کے بجائے ان تمام لوگوں کی یادوں کا مخلصانہ احترام کرے جنہوں نے سب کے بہتر مستقبل کے لیے قربانیاں دیں۔