مزید خبریں

Jamaat e islami

حافظ نعیم کی جلد بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواست پر فریقین سے جواب طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے جلد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق درخواست کی سماعت، عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ سندھ ہائیکورٹ میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی بلدیاتی انتخاب اور بیلٹ پیپر سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی جہاں عدالت نے الیکشن کمیشن، چیف سیکرٹری سندھ، سیکرٹری بلدیات اور دیگر کونوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ جماعت اسلامی کے وکیل نے کہا کہ جو ہوگیا سو ہوگیا، 24 جولائی سے پہلے بیلٹ پیپرز ریٹرننگ افسران کو بھیج دیے گئے تھے، ان بیلٹ پیپرز کا کیا بنا کسی کو معلوم نہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب سیاسی جماعت کے لیڈر ہیں، مرتضیٰ وہاب سرکاری مشنری سیاسی سرگرمیوں کے لیے استعمال کررہے ہیں، مرتضیٰ وہاب سرکاری مشینری پارٹی کے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرسکتے، اپنی درخواست میں جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ سندھ حکومت جان بوجھ کر حلقہ بندیوں سے متعلق معاملہ تاخیر کا شکار کررہی ہے ، بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے 120 دن میں بلدیاتی انتخابات کرانے ہوتے ہیں، الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے کوئی پروا نہیں ہے، ایم کیو ایم، تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواستیں دائر کی تھیں جو مسترد ہوچکی ہیں ،الیکشن کمیشن کو حکم دیا جائے کہ جلد بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے، بلدیاتی انتخابات کے لیے فریش بیلٹ پیپرز چھپوائے جائیں، سیاسی ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب کی جگہ غیر جانبدار ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا جائے۔