مزید خبریں

Jamaat e islami

احسن اقبال کا سیلاب زدگان کی مدد کیلیے وزرائے اعلیٰ کو خط

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی و سیلاب زدگان کی مدد کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بنائی گئی ریلیف کمیٹی کے سربراہ احسن اقبال نے قومی لائحہ عمل کے تحت سیلاب زدگان کی مدد کے لیے چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ کو خط لکھ دیے۔ احسن اقبال کے دستخطوں سے بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ کو خطوط بھجوا دیے گئے جبکہ وزیراعظم آزادجموں و کشمیرسردار تنویر الیاس اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو بھی خطوط ارسال کر دیے گئے ہیں، احسن اقبال نے ریلیف کمیٹی کے ہمراہ وزراعلیٰ ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے ملاقات کا وقت مانگ لیا۔احسن اقبال نے خط میں کہا ہے کہ ملاقات کا وقت دیا جائے تاکہ سیلاب زدگان کی تیزی سے مدد کے اقدامات پر اشتراک عمل وضع ہوسکے، وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں این ڈی ایم اے نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ابتدائی
تخمینہ دیا ہے، وزیراعظم نے کہا ہے کہ یہ ایک قدرتی آفت ہے جس سے متاثرہ علاقوں اور عوام کی مدد کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے، وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں ہر صوبہ ایک فوکل پرسن مقرر کرے تاکہ سیلاب زدگان کی امدادی عمل کو تیز کیا جاسکے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کے لیے میری سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے، وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ وفاق اور صوبوں اور خصوصی خطوں کے درمیان اشتراک عمل پیدا کیا جائے، سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی قومی مقصد ہے جس کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہے، اشتراک عمل سے سیلاب زدگان کی مدد کا عمل تیز ہونے کے علاوہ وسائل اور کوششوں کو مربوط بنانا ممکن ہوگا۔