مزید خبریں

ـ22ویں دولت مشترکہ کھیلوں کا تاج آسٹریلیا کے نام

برمنگھم /لندن (رپورٹ: سید عاصم علی قادری) 22ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں آسٹریلیا سرفہرست، انگلینڈ کی دوسری اور کینڈا نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ 28جولائی سے شروع ہونے والا میلہ اپنی رعنائیوں کے ساتھ گزشتہ شب اختتام کو پہنچا۔ 12روز سجنے والے میگا ایونٹ میں پاکستان کے ارشد ندیم جیولین تھرو میں طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ دنیائے کھیل میں ان کی اس کارکردگی اور کامیابی کو مسلسل سراہا جارہا ہے۔ تمغوں کے لحاظ سے آسٹریلیا نے 27طلائی، 57چاندی اور54 کانسی کو ملا کر 178 پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست رہا، انگلینڈ کی57، 66، 53 (176) تعداد کے ساتھ دوسری ، کینڈا کی 26، 32، 34 (92) تیسری، چوتھی پوزیشن کے لیے بھارت نے 22، 16، 23 (61)جبکہ 5ویں پوزیشن نیوزی لینڈ نے 20طلائی، 12چاندی، 17کانسی کل ملا کر 49تمغوں سے پوائنٹس ٹیبل پر براجمان ہوا۔ 22ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں جو برطانیہ کے برمنگھم شہر میں منعقد ہوئے پاکستان نے 2گولڈ میڈلز سمیت 8 میڈلز حاصل کیے ، یہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی 1970 کے بعد سب سے بہترین کارکردگی ہے۔کامن ویلتھ گیمز 2022 میں پاکستان کے 68 ایتھلیٹس نے 12 مختلف کھیلوں میں شرکت کی ۔پاکستان نے مجموعی طور پر 8 میڈلز جیتے جس میں نوح دستگیر بٹ نے ویٹ لفٹنگ اور ارشد ندیم نے ایتھلیٹکس میں گولڈ میڈل جیتا۔ریسلرز شریف طاہر، انعام بٹ اور زمان انور نے سلور میڈلز حاصل کیے جبکہ جوڈوکا شاہ حسین شاہ کے علاوہ ریسلرز عنایت اللہ اور علی اسد نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔