مزید خبریں

Jamaat e islami

پاکستان کیلیے تمغے حاصل کرنیوالے کھلاڑیوں نے سر فخر سے بلند کردیا ،صدر و وزیراعظم

کراچی /اسلام آباد (رپورٹ: سید وزیر علی قادری) پاکستان کے لیے دولت مشترکہ کھیلوں میں 52سال کے بعد بہترین کارکردگی اور ارشد ندیم کے طلائی تمغہ جیتنے پر جہاں پوری قوم خوشی و مسرت کا اظہار کررہی ہے وہیں ارباب اختیار سے لے کر صوبائی حکومتوں کے سربراہوں کے تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ جیولن تھرو مقابلے میں پاکستانی کھلاڑی ارشد ندیم نے اپنا پہلا گولڈ میڈل حاصل کیا،جس پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں ،جیولن تھرو میں تاریخ رقم کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کرنے پر ارشد ندیم مبارکباد کے مستحق ہیں۔قوم کو آپ پر فخر ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے لئے کامن ویلتھ کھیلوں میں تمغے حاصل کرنے والے کھلاڑیوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کردیئے اور اقوام عالم میں پاکستان کا سربلند کردیا،وطن واپسی پر ان سے ملاقات کرکے ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ نوح بٹ اور ارشد ندیم نے سونے، شریف طاہر، زمان انور اور انعام بٹ نے چاندی، شاہ حسین، علی اسد اور عنایت اللہ نے کامن ویلتھ کھیلوں میں کانسی کے تمغے جیت کر مجھ سمیت تمام پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا اور اقوام عالم میں پاکستان کی عزت میں اضافہ کیا ہے، آپ پوری قوم کا فخر ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ان تمام ایتھلیٹس سے وطن واپسی پر ملاقات کرکے ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔اس کے علاوہ کامن ویلتھ کھیلوں میں شریک دیگر پاکستانی ایتھلیٹس بھی قابلِ تعریف ہیں۔