مزید خبریں

Jamaat e islami

واقعہ کربلا غیرمتزلزل ایمان اور بہادری کی مثال ہے،مصطفی کمال

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ کربلا میں سردار جنت اور نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسینؓ اور انکے خاندان نے حق کی سربلندی کی خاطر جو لازوال قربانی پیش کی وہ رہتی دنیا کے انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے، واقعہ کربلا غیر متزلزل ایمان، بہادری، استقامت، جرات، صبر اور ایثار کی لازوال مثال ہے۔ حضرت امام حسینؓ اور خانوادہ رسولؐ نے ثابت کیا کہ باطل کثیر تعداد میں ہونے کے باوجود ناکام رہتا ہے جبکہ حق قلیل ہونے کے باوجود کامیاب ہوتا ہے۔ اہل بیت سے محبت کا تقاضا ہے کہ امت مسلمہ دین حق کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر لاگو کرے۔ یوم عاشور کے موقع پر پاکستان ہاؤس سے جاری ایک بیان میں چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال نے مزید کہا کہ واقعہ کربلا حق پر ثابت قدم اور باطل سے ٹکرا جانے میں کسی بھی حد سے گزر جانے کا سبق دیتا ہے۔ حضرت امام حسین ؓ اور اہل بیت نے اسلام کی بقاء و سلامتی کے لیے جو عظیم قربانی پیش کی ہے اس کی تاریخ انسانی میں مثال ملنا ناممکن ہے۔ پی ایس پی حسینیت کی پیروکار ہے اور ظالم قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہے، قوم ایک ملت واحد کی طرح متحد ہوکر اپنے فروعی اختلافات کو بھلا کر عالم اسلام کی ترقی کے لیے کام کرے اور اپنی صفوں میں مکمل اتحاد، اتفاق اور یگانگت قائم رکھے۔