مزید خبریں

دولت مشترکہ کھیل ، ہاکی فائنل، آسٹریلیا بھارت آج آمنے سامنے ہونگے

برمنگھم/لندن(رپورٹ: سید عاصم علی قادری) 22ویں دولت مشترکہ کھیلوں کے مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں آسٹریلیا نے تمام 72ممالک کے ایتھلیٹس کے آگے بند باندھا ہوا ہے اور کسی کو اپنے سے آگے آنے کا موقع نہیں دے رہا۔ البتہ میزبان ملک برطانیہ (انگلینڈ) 11روز یعنی ایونٹ کے اختتام سے ایک دن قبل بھی کینگروز کو پچھاڑنے کی تگ و دو میں لگا ہوا ہے۔ اس وقت آسٹریلیا سرفہرست اور انگلینڈ دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔ یہ ہی اعزاز برطانیہ کو حاصل ہے کہ اس کی اب تک دوسری پوزیشن کے قریب بھی کوئی نہیں آپارہا۔ البتہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا ضرور آپس میں تیسرے نمبر کے لیے نبردّآزما ہیں۔پاکستان کا روایتی حریف بھارت بھی پوائنٹس ٹیبل پر 5ویں پوزیشن کے ساتھ موجود ہے۔ملک کے لیے کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے شریف طاہر نے اپنا ایوارڈ پاکستان کے نام کردیا۔شریف طاہر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 2018 میں پاکستان کے صرف 3 میڈل تھے، اس مرتبہ ہم نے زیادہ میڈلز جیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نتائج میں بہتری کے لیے فیڈریشن کے اسٹرکچر میں بہتری کی ضرورت ہے۔سلور میڈلسٹ شریف طاہر نے یہ بھی کہا کہ کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل معیار کی ٹریننگ، نیوٹریشن، فزیوتھراپی کی سہولیات فراہم کی جائیں۔اس سے قبل کانسی کا تمغہ جیتنے والے علی اسد نے کہا تھا کہ پہلے ہی ایونٹ میں میڈل ملنے پر خوشی ہے، 3 ماہ پہلے کہا تھا ٹریننگ کے لیے دورہ کروایا جائے، اگر پہلے ٹور کروایا جاتا تو گولڈ لے سکتے تھے۔کامن ویلتھ گیمز مینز ہاکی ایونٹ جس میں پاکستان کا سفر 7ویں پوزیشن کے ساتھ تمام ہوا تھا کا فائنل آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان آج کھیلا جائے گا ۔آسٹریلوی ٹیم مسلسل 7ویں مرتبہ ٹائٹل کا دفاع کرے گی، برمنگھم میں پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے جنوبی افریقا کو سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف2 کے مقابلے میں 3 گول سے کامیابی حاصل کر کے مسلسل 7ویں مرتبہ فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ۔ واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں ہاکی ایونٹ کو 1998 میں شامل کیا گیا اور اب تک ہونے والے تمام 6 ٹورنامنٹس میں آسٹریلوی ٹیم نے کامیابی حاصل کی، بھارت نے تیسری مرتبہ فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔ٹورنامنٹ کی تیسری پوزیشن کا میچ اسی روز انگلینڈ اور جنوبی افریقاکے درمیان کھیلا جائے گا،واضح رہے کہ پاکستان نے ایونٹ میں7ویں پوزیشن حاصل کی تھی ۔باکسنگ ایونٹ میں بھارتی باکسرز نے عمدہ کارکردگی کی بدولت 2 سونے کے تمغے جیت لئے، اتوار کو بھارت کی باکسرنے 48 کلو گرام کیٹیگری میں انگلش حریف کو زیر کرکے طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا جبکہ مینز 51 کلو گرام (فلائی ویٹ) کیٹیگری میں بھارت کے امیت نے انگلینڈ کے کیران میکڈونلڈ کے خلاف بآسانی5-0 سے کامیابی حاصل کر کے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔