مزید خبریں

Jamaat e islami

معرکہ کربلا حق و باطل کی کشمکش ہے،جماعت اسلامی خواتین

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل بشری ٰ صادقہ،ضلعی ناظمہ فوزیہ محبوب، سیاسی کمیٹی کی صدر ڈاکٹر فہمیدہ الیاس،ضلعی نائب ناظمہ سعدیہ رحمان،ثمرہ رحیم، ضلعی ترجمان نصرالاسلام نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ حضرت امام حسین ؓ کی جدوجہد اورقربانی ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے، محرم الحرام ہمیں قربانی اور حق و سچ پر ڈٹے رہنے کا درس دیتا ہے،اس ماہ کے دوران تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام و مشائخ عظام کو بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خاندان نبوت ؐ اور حضرت امام حسین ؓ کا صبر و رضا، اعلائے کلمۃاللہ، جرأت واستقامت اور حق کے لیے ہر باطل قوت سے ٹکرا جانا ایک ایسا کردار ہے جس نے تاریخ میں امت مسلمہ اور ایمانی جذبوں کو زندہ جاوید کر دیا ہے۔ معرکہ کربلا حق و باطل کی کشمکش ہے جو آج بھی جاری ہے، حضرت امام حسین ؓ کی لازوال قربانی،ثابت قدمی اور استقامت کی یہ مثال ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام عالی مقام اور اہل بیت کی قربانیوں کا سب سے بڑا درس یہ ہے کہ ذاتی جذبات و خواہشات اور مفادات کو کسی بھی عظیم مقصد کے حصول کے لیے قربان کردیا جائے، آج کے حالات میں جب وطن عزیز بیرونی دباؤ کا شکار ہے اور چاروں طرف سے دشمن قوتوں کے گھیرے میں ہے توہمارا فرض ہے کہ داخلی طور پر رواداری اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کیا جائے اور امت میں انتشار پھیلانے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا جائے یہی وقت کی ضرورت ہے۔ ضلعی ناظمہ فوزیہ محبوب نے کہا ہمیں چاہیے کہ ہم ہر دور میں سچ اور انصاف کا ساتھ دیں دین اسلام کے جن اصولوں کی خاطر حضرت امام حسین ؓ اور آل رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے شہادت پیش کی ان اصولوں کی علمبرداری کے لیے ہم بھی کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔