مزید خبریں

Jamaat e islami

فاسق و فاجر حکمرانوں کی مزاحمت کرنا درس کربلا ہے،پیر ریاض

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی علما مشائخ ونگ کے ضلعی صدر پیرریاض احمدسعدی نے کہا ہے کہ شہدائے کربلا کی لازوال قربانیاں تاریخ اسلام کا روشن باب ہے۔ فاسق و فاجر حکمرانوں کی مزاحمت کرنا درس کربلا ہے۔ حسینیت حق اور یزیدیت باطل کا نام ہے۔ حسینیت کا پرچم تا قیامت سر بلند رہے گا۔ اہل حق حسینی جذبے سے سرشار ہو کر ہر دور کی یزیدی قوتوں کی مزاحمت جاری رکھیں گے۔علماء نے کہا کہ استعماری طاقتوں کی سرکوبی کے لیے حسینی فکر کو مشعل راہ بنانا ہو گا۔ نواسہ رسول نے سر کٹوا کر حفاظت دین کا حق ادا کر دیا۔عہد حاضر کے یزیدوں کی سرکوبی کے لیے پیغام حسین ؓکو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ کفر کا غلبہ توڑنے کے لیے حسینی مشن تیز کرنا ہو گا۔ حسینیت صبر اور یذیدیت جبر کی علامت ہے۔ سانحہ کربلا سے باطل کو للکارنے اور ظلم سے ٹکرانے کا حوصلہ ملتا ہے۔ غلبہ حق کے لیے سیدنا امام حسین کا لافانی کردار تاریخ اسلام کے ماتھے کا جھومر ہے۔انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسین ؓ نے قربانی کے ذریعے اسلام کی آبیاری فرمائی۔اپنے اہل و عیال کے ہمراہ مصائب و آلام اورجانی و مالی قربانی کے ذریعے امام عالی مقام نے اپنے نانا کے دین کی حفاظت فرمائی۔ انہوںنے کہا حسینیت فکر حق پر ڈٹ جانے اور اللہ کی راہ میں جان قربان کرنے کا درس دیتی ہے۔ کشمیر فلسطین سمیت دنیا بھر میں اپنے حقوق اور اللہ کی راہ میں چلنے والی مزاحمتی تحریکیں کربلا کو ہی اپنا محور سمجھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سید الشہدا نے تمام مظالم کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا اور آپ کے پایہ استقامت میں لغزش نہیں آئی۔حضرت امام حسینؓ نے اللہ اور رسولؐکی بارگاہ میں مکمل کامیابی حاصل کی اورجنت کی سرداری پائی۔حضرت امام حسینؓ کی شہادت ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتی ہے۔ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا انبیاء کرام کا شیوہ اور آپ کی سنت مبارکہ ہے۔ حضرت امام حسین ؓ نے ظلم و زیادتی کے خلاف جام شہادت نوش فرما کر امت کو یہ پیغام دیا کہ ظالم خواہ کتنا ہی طاقت ور کیوں نہ ہو اس کے سامنے کلمہ حق کہنا ہی زندگی کا اصل مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشورہ کے موقع پر حکومت سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کرے۔ عوام کے جان و مال کی حفاظت حکمرانوں کی اولین ترجیحات میں شامل ہے