مزید خبریں

Jamaat e islami

فائرنگ و دیگر واقعات میں 5 افراد جاں بحق، 3 زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اتوار کو شہر میں ہونے فائرنگ اور دوسرے حادثات وواقعات میں 5افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے ،جاںبحق ہونے والوں میں مبینہ طور پر باپ کے تشدد سے مار ا جانے والا5سالہ بچہ بھی شامل ہے ،تفصیلات کے مطابق صفورا چورنگی کے قریب ایک درخت سے 15سالہ رمیش کی لٹکتی لاش برآمد ہوئی مقتول سعدی ٹاؤن میں پنکچر کی دکان پر کام کرتا تھا جو 5 اگست کوشام 6 بجے گھر سے نکلا تو پھر واپس نہیں آیا، لاپتا نوجوان کی گمشدگی کی اطلاع اس کے بھائی نے سچل تھانے کو دی تھی ۔پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق نوجوان کو اغوا کر کے قتل کیا گیا ہے تاہم پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔ سرجانی ٹاؤن عبدالرحیم گوٹھ ڈگری کالج کے قریب گھر میں مبینہ طور پر باپ کی مار پیٹ سے5 سالہ محمد علی ولد عبدالعزیزبیٹا جاں بحق ہو گیا ۔واقعے کی اطلاع پر سرجانی ٹائون پولیس نے ملزم کوحراست میں لے لیا۔اورنگی ٹاؤن کی اقبال مارکیٹ میں 2 گروپوں میں جھگڑا ہوگیا، جس کے دوران دونوں گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔فائرنگ کی زد میں آ کر سرور نامی راہ گیر جاں بحق ہو گیا۔فائرنگ میں ملوث دونوں گروپ زمین پر قبضے میں بھی ملوث ہیں۔پولیس نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپا مار کارروائی کررہی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق شاہ فیصل کالونی نمبر 5 میں گولی لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے پیش آیا، مقتول کی علاقے میں اسپیئر پارٹس کی دکان ہے۔ ہاکس بے مشرف کالونی امام بارگاہ کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے کے واقعہ میں 5سالہ بچی علیشاہ بانو دختر خضر عباس جاں بحق ہوگئی۔علاوہ ازیں گلشن اقبال کے بلاک ون میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قاسم نامی شخص زخمی ہو گیا،سپر ہائی وے پرگلشن معمار موڑ کے قریب مسلح رہز نوں نے25سالہ فیض ولدعامر سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی کوشش کی اورمزاحمت پر اسے گولی مار کے زخمی کردیا۔
،اورنگی ٹاؤن فقیر کالونی ماشااللہ پکوان کے قریب موٹرسائیکل سوار افراد کی فائرنگ سے 25سالہ جمیل ولد عبدالغفور زخمی ہوگیا ،سائٹ میں لیبر اسکوائر کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں 30سالہ سہیل شدید زخمی ہوگیا ۔