مزید خبریں

Jamaat e islami

پی ٹی آئی کا جشن آزادی پر اسلام آباد میں بڑے جلسے کا فیصلہ

اسلا م آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) نے 13 اگست کی شب اسلام آباد میں بڑا پاور شو کرنے کے ساتھ 14 اگست کا جشن بھی جلسے میں منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنمائوں نے بھی شرکت کی، اجلاس میں 13 اگست کی شب اسلام آباد میں جلسہ کرنے اور جلسے میں ہی 14 اگست آزادی کا جشن منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے اس میگا پاور شو کے لیے ایک لاکھ افراد کو جلسے میں لانے کا ٹاسک دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی قیادت کو ذ مہ داریاں بھی سونپ دی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے سے خطاب میں ہی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان حکومت مخالف تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے۔پاور شو کے ذریعے پی ٹی آئی نئے انتخابات کے لیے راہ ہموارکی جائے گی اور حکومت کو اسمبلیوں کی تحلیل کے لیے واضح پیغام دے گی۔ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ جلد چیلنج کرنے کی منظوری دے دی۔اجلاس میں عمران خان کے 9 حلقوں سے ضمنی انتخاب لڑنے سے متعلق قانونی امور کا جائزہ بھی لیا گیا۔