مزید خبریں

Jamaat e islami

بڑے شہروں میں پولیو کی موجودگی خطرے سے کم نہیں،رشید زرداری

نواب شاہ (نمائندہ جسارت) کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن رشید احمد زرداری کی زیر صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس برائے پولیو کا اجلاس کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر رشید احمد زرداری نے کہا کہ موثر انسداد پولیو مہم ہی سے پولیو کا خاتمہ ممکن ہے اس لیے محکمہ صحت کے افسران و پولیو ٹیمیں پولیو مہم کو قومی فریضہ سمجھ کر اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ مقرر کردہ احداف حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ابھی تک پولیو کیس رپورٹ ہو رہے ہیں اور ملک کے بڑے شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی کسی خطرے سے کم نہیں، اس لیے محکمہ صحت کے ساتھ دیگر متعلقہ محکمے اور سماجی تنظیمیں پولیو کے خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں بروئے کار لائیں تاکہ اس موذی مرض کو جڑ سے اُکھاڑ کر مستقبل کے معماروں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران پر زور دیا کہ وہ مہم کے دوران متعلقہ محکموں کے ساتھ بہتر روابط قائم رکھنے کے ساتھ ساتھ پولیو ٹیموں کی اچھی تربیت اور بہتر مائکرو پلان تیار کریں تاکہ پولیو ٹیمیں آسانی کے ساتھ ٹارگٹ حاصل کرسکیں۔