مزید خبریں

Jamaat e islami

ہیلی کاپٹر حادثہ ،شہدا کے جنازے میں عدم شرکت پر صدر مستعفی ہوجائیں،رضا ربانی

اسلام آباد (آن لائن) سینیٹ کے سابق چیئرمین اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رضا ربانی نے لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے اعلیٰ فوجی افسران کے نماز جنازہ میں شرکت نہ کرنے پر صدر عارف علوی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ان سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 243 کی شق 2 کے تحت صدر افواج پاکستان کا سپریم کمانڈر ہوتا ہے‘ کسی بھی سیاسی وابستگی کی بنا پر اگر وہ سپریم کمانڈر کے فرائض سرانجام نہیں دے پا رہے ہیں تو انہیں فوری طور پر استعفا دے دینا چاہے‘ سپریم کمانڈر کا کسی بھی وجہ سے فوجی ہیلی کاپٹر کے شہداء کے نمازہ جنازہ میں شریک نہ ہونا باعث تشویش ہے‘ شہید ہونے والے فوجی افسران فوج کی اعلیٰ کمانڈ کا حصہ تھے‘ صدر مملکت ان کے حوالے سے اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہے جو کہ قابل افسوس ہے‘صدر عارف علوی اب بھی پی ٹی آئی کے ورکر کے طور پر کام رہے ہیں اور صدر پاکستان کے دفتر کے وقار کو بھی ملحوظ خاطر نہیں رکھ رہے‘ صدر نے پارلیمنٹ کو کئی مواقع پر اپنے کام سے روکا اور آرڈیننس جاری کرتے رہے ۔ پی ایم ڈی سی آرڈیننس دوبارہ جاری کر کے پارلیمنٹ کی خواہش کی خلاف ورزی کی حالانکہ سینیٹ پی ایم ڈی سی آرڈیننس مسترد کر چکی تھی۔