مزید خبریں

Jamaat e islami

وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلیے امدادی فنڈ قائم کردیا

اسلام آباد/ لاہور (اے پی پی/ نمائندہ جسارت) وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی فنڈ قائم کر دیا ہے۔ہفتے کو وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ جس طرح اہل پاکستان نے2005ء کے زلزلے اور2010ء کے ملک کے سب سے بڑے سیلاب کے وقت متاثرین کی دل کھول کر مدد کرکے پوری دنیا میں ایک مثال قائم کی تھی، آج بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام بالخصوص مخیر حضرات سے درد مندانہ اپیل کرتا ہوں کہ سیلاب کی تباہی کا شکار اہل وطن کی دل کھول کر مدد کریں‘ بلوچستان میں غیر معمولی تباہی ہوئی ہے، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بے تحاشا نقصانات ہوئے ہیں‘ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود5 ارب روپے سیلاب متاثرین کے لیے فوری جاری کر دیے ہیں‘ مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ مشکلات میں گھرے ان پاکستانیوں کو دوبارہ آباد کرنے میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں‘سیلاب زدگان کے لیے رقوم پرائم منسٹر ریلیف فنڈ2022ء کے اکائونٹ نمبر جی12164 میں جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شہبازشریف نے این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم ایز کو ساتھ مل کر ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کو مزید مؤثر انداز سے سرانجام د ینے کی ہدایت کی ہے۔اس حوالے سے اجلاس ہفتے کو لاہور میں منعقد ہوا جس میں اس سلسلے میں گزشتہ روز ہونے والے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔