مزید خبریں

Jamaat e islami

پنجاب کی 21 رکنی کابینہ نے حلف اٹھالیا،ق لیگ آؤٹ

لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب کی نومنتخب 21رکنی کابینہ نے ہفتہ کے روز اپنے عہدوں کا حلف لے لیا،گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے ہفتہ کے روز گورنر ہائوس لاہور میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں نو منتخب کابینہ سے حلف لیا۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی، اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان،سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ ،چودھری مونس الٰہی ،وکلا ،صحافیوں ،پارٹی ورکرز اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔حلف لینے والے کابینہ کے اراکین میں سردار محسن خان لغاری، ڈاکٹر یاسمین راشد، راجہ بشارت ، خرم ورک، ہاشم ڈوگر، میاں اسلم اقبال، محمود الرشید، مراد راس، علی عباس شاہ، سردار آصف نکئی، حسنین بہادر دریشک، علی افضل ساہی، غضنفر عباس چھینہ، لطیف نذر، تیمور مسعود، عنصر نیازی، راجہ یاسر ہمایوں، نوابزدہ منصور علی، منیب چیمہ اور شہاب الدین شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ21نومنتخب وزرا کو ان کی وزارتوں کے قلمدان بھی سونپ دیے گئے ہیں، جن میں ڈاکٹر یاسمین راشد صوبائی وزیر صحت ہونگی جبکہ سردار محسن لغاری وزیر خزانہ،کرنل(ر)ہاشم ڈوگر صوبائی وزیر داخلہ و جیل خانہ جات،تیمور ملک بھٹی صوبائی وزیر کھیل و امور نوجواناں، راجہ یاسر ہمایوں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی،عنصر مجید نیازی صوبائی وزیر لیبر،راجہ بشارت صوبائی وزیر کوآپریٹوز اینڈ پراسیکیوشن،سردار شہاب الدین صوبائی وزیر لائیوسٹاک،منیب چیمہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ،مراد راس صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن،خرم شہزاد ورک صوبائی وزیر برائے پارلیمانی امور،سردار آصف نکئی صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن،علی افضل ساہی صوبائی وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس،نوابزادہ منصور خان صوبائی وزیر ریونیو،حسین جہانیاں گردیزی صوبائی وزیر زراعت،غضنفر عباس صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر،لطیف نذر صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز،سردار حسین بہادر دریشک صوبائی وزیر فوڈ اینڈ انرجی،میاں محمود الرشید صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ،میاں اسلم اقبال صوبائی وزیر ہائوسنگ اور علی عباس شاہ کو صوبائی وزیر جنگلات کا قلمدان سونپا گیا ہے۔علاوہ ازیںپنجاب کی جس 21 رکنی صوبائی کابینہ نے حلف اٹھایا اس میں مسلم لیگ (ق) کا کوئی رکن پنجاب اسمبلی شامل نہ تھا۔ کابینہ میں شامل تمام اراکین پنجاب اسمبلی کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے تھا۔ جب کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے راولپنڈی کے صوبائی حلقہ پی پی17سے منتخب رکن پنجاب اسمبلی محمد فیاض الحسن چوہان کو پنجاب حکومت کا ترجمان مقرر کر دیا ہے اس ضمن میں میں وزیر اعلیٰ کے سیکریٹری (کوآرڈی نیٹر)نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ دوسری جانب عثمان بزدار کابینہ میں حلف اٹھانے والے 6اراکین کو پرویزالٰہی کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ تین بار وزیر قانون رہنے والے بشارت راجہ کا قلمدان تبدیل کر دیا گیا ۔