مزید خبریں

Jamaat e islami

عمران خان کیخلاف الزامات الیکشن کمیشن میں ثابت ہوئے‘خواجہ آصف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف الزامات الیکشن کمیشن میں ثابت ہوئے ہیں ، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصا ف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس میں اپنی سفارشات وفاقی حکومت کو بھیجی ہیں، ہم یہ سفارشات سپریم کورٹ آف پاکستان کو بھجوائیں گے تاہم یہ سپریم کورٹ کی صوابدید ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگاتی ہے یا نہیں۔ ماضی میں پارٹیوں پر پابندی عدالت نے نہیں بلکہ مارشل ادوار میں لگائی گئی تھیں اور ہم توعدالت میں جارہے ہیںاور ہم سپریم کورٹ سے یہ کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن کی فائنڈنگز ہیں آپ مہربانی کرکے اس پر اپنا فیصلہ دے دیں اور بات ختم ہو گئی۔ پنجاب حکومت (ن)لیگ کے ہاتھ سے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، وفاقی حکومت بہترین طریقہ سے چل رہی ہے۔ میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے ہماری پارٹی میں کوئی گفتگو نہیں ہوئی، جو گفتگو بھی ہوئی وہ میڈیا ہی کررہا ہے،نوازشریف واپس ضرور آئیں گے لیکن ان کی واپسی کے پروگرام پر ابھی کوئی بات نہیں ہوئی۔ تقریباً چار ماہ کا عرصہ ابھی آرمی چیف کی تعیناتی میں باقی ہے، اس مسئلہ کو اسی وقت ڈیل کیا جائے جب یہ قریب آجائے، میں اس بات سے اتفاق نہیں کرتا کہ اس معاملہ پر دو، تین ماہ پہلے ہی فیصلہ کر لیا جائے۔ ان خیالات کااظہار خواجہ محمد آصف نے ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو اندرون ملک سے بھی کمپنیوں کی جانب سے پیسے دیئے گئے ہیں حالانکہ الیکشن کمیشن کے قانون کے مطابق کوئی پاکستانی کمپنی بھی کسی پارٹی کو فنڈ نہیں دے سکتی جبکہ کوئی غیر ملکی شہری اور غیر ملکی کمپنی بھی کسی پاکستانی سیاسی جماعت کو چندہ نہیں دے سکتی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بیان حلفی دیا اور وہ کہتے ہیں نہیںیہ بیان حلفی نہیں بلکہ سرٹیفکیٹ ہے اور سرٹیفکیٹ اور بیان حلفی میں بڑا فرق ہوتا ہے، کسی بات کی بھی تصدیق کرنا بنیادی طور پر بیان حلفی ہی ہوتا ہے کہ میں اس بات کی تصدیق کرتا ہوں، صادق اورامین والا رولا بھی اسی میں آجاتا ہے۔ بہت سی چیزیں عمران خان نے شوکت خانم اسپتال کے نام پر اکٹھی کیں اور پھر ان کو سیاست کے لیے استعمال کیا۔ اس معاملے پر عمران خان کی کریمینل پراسییکیوشن کس طرح ہو سکتی ہے اس پر غور کیا جائے گا اور اس کے بعد ہم فیصلہ کریں گے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں ہم نے کس اس معاملہ کو لے کر جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے توعمران خان پر کوئی الزام نہیں لگایا یہ تو الیکشن کمیشن آف پاکستان کا فیصلہ ہے۔ عمران خان کے خلاف ثبوت کے ساتھ الزامات الیکشن کمیشن میں ثابت ہوئے ہیں۔