مزید خبریں

Jamaat e islami

قومی وصوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کی حتمی فہرست جاری

اسلا م آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے266اور صوبائی اسمبلیوں کے593حلقوں کی حتمی فہرست جاری کر دی ۔ الیکشن کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ کسی بھی حلقے کی حتمی حد بندی کی نقل اسلام آباد میں کمیشن کے سیکرٹریٹ سے حاصل کی جا سکتی ہے۔الیکشن کمیشن نے ابتدائی فہرست جاری کرنے کے تقریبا 2 ماہ بعد حتمی فہرست جاری کی ہے جہاں ابتدائی فہرست میں کمیشن نے قومی اسمبلی کی نشستوں کو 342 سے کم کر کے 336 کر دیا تھا۔ابتدائی حد بندی میں الیکشن کمیشن نے قانون کے مطابق قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 272 سے کم کر کے 266 کر دی تھی، خواتین کی60 اور اقلیتوں کی10 نشستوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔نشستوں کی تعداد میں کمی کی وجہ یہ تھی کہ 25ویں آئینی ترمیم کے بعد2018 میں خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والی فاٹا کے لیے مختص 12 نشستیں ختم کردی گئیں اور آبادی کی بنیاد پر خیبر پختونخوا کو 6 نشستیں مختص کی گئی تھیں۔پنجاب کو این اے میں141 جنرل نشستیں، سندھ کو 61، خیبر پختونخوا کو 45، بلوچستان کو16اور اسلام آباد کو3نشستیں دی گئیں۔ ابتدائی فہرست الیکشن کمیشن کی جانب سے اپریل میں اعلان کردہ شیڈول کے مطابق جاری کی گئی تھی جس کے چند دن بعد انتخابی نگراں ادارے نے اکتوبر سے پہلے عام انتخابات کے انعقاد سے معذوری ظاہر کی تھی۔