مزید خبریں

Jamaat e islami

بھارت ، راہول اور پریانکا گاندھی سمیت کئی کانگریسی رہنما گرفتار

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں حکومت مخالف مظاہرے کے دوران کانگریس رہنما راہول اور پریانکا گاندھی کو گرفتار کرلیا گیا۔ بھارتی خبر رساں اداروں کے مطابق بھارت میں مودی سرکار کی پالیسیوں اور مہنگائی کے خلاف اپوزیشن جماعت کانگریس کے احتجاج پر پولیس نے دھاوا بول دیا۔ پولیس نے راہول اور پریانکا گاندھی سمیت دیگر رہنماؤں کو بھی حراست میں لے لیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پریانکا گاندھی کو خواتین اہل کاروں نے گھسیٹ کر گاڑی میں ڈالا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی ارکان پارلیمان اور پارٹی رہنماؤں کے پارلیمان ہاؤس سے ایوان صدر تک حکومتی پالیسیوں خصوصا بڑھتی مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی قیادت کررہے تھے، جہاں پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔پولیس کی مداخلت کے دوران کانگریس رہنماؤں نے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج شروع کردیا ۔ راہول گاندھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں جمہوریت مر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے 8سال کے دوران ملک کو ختم کردیا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، معاشرے کو تقسیم کرنے کی کوششوں اور دیگر ناقص پالیسیوں پر ایوان میں بحث کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہمیں سچ بولنے کی پاداش میں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔