مزید خبریں

Jamaat e islami

اناج سے لدے 3یوکرینی جہاز بندرگاہ سے روانہ

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے کہ اناج سے لدے مزید 3یوکرینی جہاز بندرگاہ سے روانہ ہوگئے ہیں۔ اناج کی برآمد کے معاہدے کے تحت قائم مشترکہ رابطہ دفتر نے اناج کے 3جہازوں کو یوکرین کی بندرگاہوں سے نکلنے کی اجازت دے دی ہے۔اقوام متحدہ نے ایک بیان میں مزید کہا ہے کہ تینوں جہاز 58ہزار ٹن سے زیادہ مکئی لے کر جا رہے ہیں۔ ان کی منزلیں ترکیہ، آئرلینڈ اور برطانیہ ہیں۔ اس سے قبل جمعرات کے روز یوکرینی اوڈیسا ریجن ایڈمنسٹریشن کے ترجمان نے کہا کہ ترکیہ کا ایک کارگو جہاز جمعہ کے روز بحیرہ اسود کی بندرگاہ چورنومورسک پہنچے گا جو روسی فوجی آپریشن کے بعد یوکرین کی بندرگاہ پر پہنچنے والا پہلا جہاز ہوگا۔ واضح رہے کہ یوکرین پر روس کے حملے کے بعد دنیا کو اناج کی برآمد ختم ہوگئی تھی ،جس کے باعث کئی ممالک میں خوراک کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا تھا۔ چند روز قبل ترکیہ اور اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے کے تحت روس نے یوکرینی جہازوں کو اناج لے جانے کی اجازت دے دی تھی۔