مزید خبریں

Jamaat e islami

قنبر علی خان:عامر خان مگسی کے سندھ وبلوچستان کے متاثرہ علاقوںکا دورہ

قنبر علی خان(نمائندہ جسارت) وزیر اعظم کی طرف سے تشکیل کردہ سندھ وبلوچستان سیلاب ریلیف کمیٹی کے ممبر اور قنبر سے منتخب پی پی ایم این اے نوابزدہ میر عامر خان مگسی نے سندھ وبلوچستان کے مختلف سیلاب زدہ علاقوںکے دورے کیے اور متاثرین کے لیے راشن کی تقسیم کے احکامات جاری کرنے کے ساتھ میڈیکل کیمپوں کے قیام کے علاوہ مال مویشیوں کے لیے ویٹرنری ڈاکٹرز کی فراہمی اور دیگر امدادی کارروائیوں کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم این اے میرعامر خان مگسی نے کہاکہ حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں نے جھل مگسی اور قنبر شہدادکوٹ سمیت دیگر علاقوں میں جو وسیع پیمانے پر تباہی پھیلائی اس سے ہزاروں لوگ بے گھر ، سیکڑوں مکانات منہدم جبکہ سڑکیںتباہ اور ٹوٹنے سے مختلف شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، اب حکومت کے تعاون سے تباہ حال سڑکوں کی مرمت و بحالی کا کام جاری ہے راشن ، ادویات اور خیمے متاثرین کو فراہم کیے گئے ہیں ہم سیلاب متاثرین کو اس مشکل گھڑی میں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی امداد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے لیے کسر نہیں چھوڑیں گے۔