مزید خبریں

Jamaat e islami

ڈاکٹر عافیہ کیس دفتر خارجہ کی پیشرفت رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع

 

 

اسلام آباد(آن لائن)جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی عدالت نے امریکی جیل میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے پیشرفت رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئی۔ درخواست گزار کی جانب سے وکیل ڈاکٹر ساجد قریشی عدالت کے سامنے پیش ہوئے دفتر خارجہ کے حکام نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر فوزیہ ڈپلومیٹک پاسپورٹ چاہتی ہے ۔ اس موقع پر عدالت نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کیوں ڈپلومیٹک پاسپورٹ چاہتے ہیں جس پر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خوف اور ڈر ہے کہ وہاں کچھ ہو سکتا ہے، اس لیے ڈپلومیٹک پاسپورٹ چاہ رہے ہیں۔ عدالت نے وکیل سے مکالمہ کیا کہ آپ پہلے اپلائی کریں، ویزا حاصل کریں، جس پر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دفتر خارجہ عدالت کے سامنے فوزیہ صدیقی کی مکمل حفاظت کی ضمانت دے دے ۔جس پر عدالت نے کہا کہ اگر یہ امریکا میں جائیں تو وہاں ایمبیسی میں رہ سکتے ہیں۔ اس موقع پر نمائندہ خارجہ دفتر نے عدالت کو بتایا کہ میں امریکا میں موجود قونصل جنرل سے بات کر لیتا ہوں، جس پر عدالت نے کہا کہ آپ کو دفتر خارجہ پر اعتماد رکھنا چاہیے وہ آپ کی مدد کر رہے ہیں کوشش کر رہے ہیں،بہتر نتائج ہوں، آپ ویزا تو اپلائی کریں، دفتر خارجہ فوزیہ صدیقی کو ویزا فراہمی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، فوزیہ صدیقی کے ویزا حصول کی سپورٹ کے لیے امریکی ایمبیسی کو وزارت خارجہ نے لکھا بھی ہے۔ وزارت خارجہ حکام کے مطابق فوزیہ صدیقی کو قانون کے مطابق ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری نہیں کر سکتے، عدالت نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو امریکی ویزے کے لیے اپلائی کرنے کی ہدایت کی۔ وزارت خارجہ امریکا میں فوزیہ صدیقی کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت تین ستمبر تک ملتوی کردی۔