مزید خبریں

Jamaat e islami

پرامن اور مستحکم ایشیا پیسیفک پاکستان کی ترجیح ہے ، بلاول

نوم پن (آن لائن)وزیر خارجہ بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پرامن اور مستحکم ایشیا پیسیفک پاکستان کی ترجیح ہے ،جنوبی ایشیا میں دیرینہ تنازعات کا پرامن حل پائیدار امن اورخطے کے لوگوں کی طویل مدتی خوشحالی کے لیے اہم ہے، دنیا کو یوکرین کے تنازع پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے خطے کو غیر مستحکم کرنے کی صلاحیت رکھنے والے دیگر دیرینہ تنازعات اور غیر ملکی قبضے کی صورت حال کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ جمعہ کو کمبوڈیا کے شہر نوم پن میں 29 ویں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں آسیان کی زیر قیادت آسیان ریجنل فورم پر پورا بھروسہ ہے جو خطے میں سیاسی اور سیکورٹی تعاون پر کھلی بات چیت کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے، پاکستان اس فورم کو مضبوط بنانے اور اعتماد سازی اور تنازعات کی روک تھام کے لیے دیگر بین الاقوامی پلیٹ فارمز کے ساتھ روابط بڑھانے کے لیے آسیان ریجنل فورم کے شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔بلاول زرداری نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی کرنے، غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے اور مقبوضہ علاقوں میں آبادیاتی تبدیلیوں کو متاثر کرنے کے لیے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی شدید مذمت اور مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات نے بامعنی اور نتیجہ خیز بات چیت کے لیے ماحول کو خراب کیا ہے، علاقائی امن و استحکام اور خوشحالی کے مفاد میں تمام تصفیہ طلب تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔