مزید خبریں

حیدرآباد:نالے کا پانی بسمہ اللہ ٹائون کی آبادی میں داخل

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)بسمہ اللہ ٹاؤن نزد پاکولا فیکٹری کے عقب میں انڈسٹریز ایریا کے بڑے نالے کا پانی بارشوں کے دریا خان پمپنگ اسٹیشن سے ہوتا ہوا پھلیلی میں گرنے والا نالے کا پانی بسمہ اللہ ٹائون کی آبادی میں داخل ہو گیا جس کی وجہ سے گھروں کی بنیادوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے جس کی وجہ سے رہائشی شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔یوتھ ویلفیئر سوسائٹی،بسمہ اللہ ویلفیئر اور بھائی خان ویلفیئر کے عہدیداران نے ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے و ڈپٹی کمشنر فوادغفار سومرو،ایم ڈی واسا انجم سعید سے پر زور اپیل کی ہے کہ بسمہ اللہ ٹاؤن سے نالے اور برسات کے پانی کی نکاسی کو فوری یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کو جانی و مالی نقصانات سے بچایا جاسکے،پانی کے مسلسل کھڑے ہونے کی وجہ سے علاقے میں مچھر اور وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں۔ایم ڈی واسا انجم سعید نے بھائی خان ویلفیئر کے جنرل سیکرٹری محمدیاسین آرائیں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پھلیلی اوورفلوہونے کی وجہ سے پانی کی نکاسی میں دشواری کا سامنا ہے میں نے دریا خان پمپنگ اسٹیشن پر مزید 3 موٹریں لگوائیں ہیں تاکہ پانی کی نکاسی جلداز جلد ممکن ہو سکے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ میں بسمہ اللہ ٹاؤن کا دورہ کر کے تمام وسائل بروئے کار لاکر علاقے کو کلیئر کرائیں گے تاکہ لوگوں کو ریلیف مل سکے۔