مزید خبریں

Jamaat e islami

وفاقی کابینہ نے پی ٹی آئی پر پابندی لگوانے کی منظوری دیدی،پی ڈی ایم نے عمران خان کی نا اہلی کے لئے ریفرنس دائر کردیا

اسلام آباد(نمائندہ جسارت+ مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی کابینہ نے ممنوعہ فنڈنگ کے معاملے پر تحریک انصاف پر پابندی لگوانے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف پولیٹیکل آرڈر 2002 ء کے تحت کارروائی کرنے اور پارٹی پر پابندی کے لیے ڈیکلیریشن عدالت عظمیٰ بھجوانے کافیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کی روشنی میں آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی کابینہ نے عمران خان اور دیگر قیادت کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی منظوری نہیں دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر قانون اور حکومتی قانونی ٹیم نے کابینہ کو الیکشن کمیشن فیصلے پر بریفنگ دی، اس دوران وزیراعظم کی ہدایت پر سیکرٹری قانون اور سیکرٹری داخلہ کے علاوہ تمام بیوروکریٹس کو اجلاس سے باہر بھیج دیا گیا۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر
اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ تحریک انصاف غیر ملکی امداد لینے والی جماعت قرار پائی ہے، جلد ڈیکلیریشن تیارکرکے عدالت عظمیٰ بھیجا جائے گا۔اانہوں نے بتایاکہ فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات ایف آئی اے کرے گا، بھارتی بزنس خاتون نے بھی اکاؤنٹ میں پیسے بھیجے، حکومت نے ایف آئی اے کوتحقیقات کی ہدایات جاری کی ہیں، اس جرم میں شامل تمام لوگوں کے خلاف آج سے انکوائری شروع کردی گئی ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں کارروائی ہوگی، ملک میں آنے والے فنڈز کہاں کہاں لگے، مکمل تحقیقات ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت قانون کو ڈیکلیریشن دیکھنے کے لیے 3 دن دیے گئے ہیں، اگلے کابینہ اجلاس میں ڈیکلیریشن عدالت عظمیٰ بھیجنے کے لیے کابینہ میں پیش کیا جائے گا، فارن فنڈنگ کیس سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، اکبر ایس بابر پٹیشن لے کرگئے تھے۔علاوہ ازیں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لیے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کردیا۔پی ڈی ایم نے آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت ریفرنس دائر کیا جسے محسن شاہنواز رانجھا کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرایا گیا ہے۔ پی ڈی ایم نے اپنے ریفرنس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف اثاثوں میں ظاہر نہیں کیے، عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔مزید برآں پی ڈی ایم کی طرح اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف بھی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس جلد الیکشن کمیشن کو بھیجیں گے۔