مزید خبریں

کامن ویلتھ گیمز ، پاکستان سونے کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب

برمنگھم /لند ن (رپورٹ: سید عاصم علی قادری) دولت مشترکہ کھیلوں کے مقابلوں میں پاکستان نے بالاخر سونے کا تمغہ جیت ہی لیا اور تمغوں کے ان ممالک کی فہرست میں آگیا جنہوں نے تمغے جیتے ہیں۔ گو کہ پاکستان کا اس ایونٹ میں 19واں نمبر ہے۔ نوح دستگیر بٹ نے مجموعی طور پر 405کلو گرام وزن اٹھاکر گولڈ میڈل جیتا،نیوزی لینڈ کے ڈیوڈ اینڈریو لیٹی 170کلوگرام کے ساتھ دوسرے اور بھارت کے گردیپ سنگھ اور گورڈن شا 167کلو گرام کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔23 سالہ نوجوان نے 4 سال قبل آسٹریلیا کے گولڈ کوسٹ میں کامن ویلتھ گیمز کے گزشتہ ایڈیشن میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔دوسری طرف انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز ہاکی ایونٹ میں پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ا سکاٹ لینڈ کو2 کے مقابلے میں3 گول سے شکست دیدی۔ یونیورسٹی آف برمنگھم ہاکی اینڈ اسکواش سینٹر میں کھیلے گئے پول اے کے میچ میں پاکستان اور ا سکاٹ لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں گرین شرٹس نے اسکاٹ لینڈ کو سخت مقابلے کے بعد3-2 گول سے ہرا دیا۔ پاکستان کی جانب سے 22ویں منٹ میں افراز حکیم نے, 23ویں منٹ میں عبدالحنان شاہد نے جبکہ کھیل کے آخری لمحات میں رومان خان نے فیلڈ گول اسکور کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے 9ویں منٹ میں کیمرون گولڈن ,38 ویں منٹ میں اسٹروان واکر نے گول اسکور کیا۔ پاکستان کے ایتھلیٹ شجر عباس نے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں مینز200 میٹر کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ، انہوں نے فاصلہ 21.12 سیکنڈز میں طے کیا، شجر عباس مینز 200 میٹر کے سیمی فائنل مرحلے میں آج میدان میں اتریں گے ۔ 7 سپرنٹرز کے درمیان چوتھی لین میں کھڑے شجرعباس دوڑ سے قبل مکمل پراعتماد دکھائی دیے اور سیمی فائنل میں کوالیفائی کے لئے ٹاپ پر رہے۔ شجر عباس کامن ویلتھ گیمز کے مینز 100 میٹر ریس کے کوالیفائنگ رائونڈ میں کامیابی حاصل نہ کر سکے تاہم وہ اپنا نیا قومی ریکارڈ بہتر کرنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے 100 میٹر ریس میں 10.38 سیکنڈز میں ریس مکمل کی۔برمنگم میں کامن ویلتھ گیمز باکسنگ مقابلوں کے 57کلوگرام کواٹر فائنل میں پاکستان کی باکسنگ کے میڈل ٹیبل تک پہنچنے کی آخری امید الیاس حسین 5-0 سے شکست کھا کر مقابلوں سے باہر ہوگئے۔الیاس حسین باکسنگ مقابلوں میں شریک واحد پاکستانی باکسر ہیں ۔ پاکستان باکسنگ ٹیم کو پہلا جھٹکا فلائی ویٹ میں باکسر زوہیب رشید کا 27جولائی کی انٹری لسٹ اور 28جولائی کو ڈراز میں نام نہ ہونا تھا،جبکہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے کئی اعلی ترین عھدیداران کی موجودگی کے باوجود زوہیب رشید مقابلوں سے باہر ہوگئے۔پاکستان میں باکسنگ کی سینیئر ترین شخصیت علی اکبر شاہ قادری نے زوھیب رشید کے ڈراز میں شامل نہ کئے جانے پر پاکستان باکسنگ فیڈریشن کی جانب سے ٹیکنیکل ڈیلیگیٹ پر الزام تراشی اور ہرجانے والے بیان پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں منعقد ہونے والے گیمز میں مقررہ وقت تک انٹری متعلقہ اولمپک ایسوسی ایشن کی توسط سے بھیجی جاتی ہے اور فائنل انٹری کے بعد کسی شخص، فیڈریشن یا ادارے کو انٹری میں تبدیلی یا اضافے کا اختیار نہیں ہوتا ۔