مزید خبریں

چین نے آبنائے تائیوان میں فوجی کارروائیوں کا اعلان کردیا

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک ) چین نے امریکی ایوان نمایندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورئہ تائیوان کے بعد واشنگٹن کے سفیر کو طلب کرلیا۔ چین کے نائب وزیر خارجہ زی فینگ نے خبردار کیا کہ نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کے نتائج سنگین ہوں گے اورچین خاموش نہیں بیٹھے گا۔انہوں نے نینسی پلوسی کے دورے کو شیطانی چال قراردیا۔چین کی وزارت خارجہ نے نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک چین اصول کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پلوسی کا دورہ چین کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہے جس کا شدید اثر چین امریکا تعلقات کی سیاسی بنیاد پرپڑے گا۔ ادھر روس نے چین کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نینسی پلوسی کا دورہ اشتعال انگیزی ہے۔ چین کو اپنی خود مختاری کے تحفظ کے لئے کارروائی کا حق حاصل ہے۔ دوسری جانب چینی فوج کے ترجمان نے آبنائے تائیوان میں فوجی کارروائیوں کا اعلان کردیا ۔ خبررساں اداروں کے مطابق چین کی پیپلزلبریشن آرمی کے ترجمان ووکیان کا کہنا تھا کہ چینی فوج ہائی الرٹ ہے۔ وہ خطرات کا مقابلہ کرنے، قومی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کا مضبوطی سے دفاع کرنے،بیرونی مداخلت اورتائیوان کی آزادی کے حامی علاحدگی پسندوں کی کوششوں کو سے ناکام بنانے کے لیے ان کے آبنائے تائیوان میں ان کے اہداف کو نشانہ بنائے گی۔ اس سلسلے میں پی ایل اے کی مشرقی کمانڈ تائیوان کے ارد گرد مشترکہ فوجی کارروائیاں کی جائیں گی۔