مزید خبریں

کامن ویلتھ گیمز ، آسٹریلیا نے میڈلز کی سنچری مکمل کرلی

برمنگھم/لندن (رپورٹ: سید عاصم علی قادری) دولت مشترکہ کھیلوں ( کامن ویلتھ گیمز ) کے 7ویں روز بھی آسٹریلیا تمغوں کی سنچری مکمل کرنے کے بعد سرفہرست، میزبان برطانیہ اور نیوزی لینڈ کی آگے آنے کی کوششیں جاری۔ پاکستان کے لیے ایتھلیٹ باکسر الیاس اور ارشد سے تمغوں کے حصول کے لیے امیدیں بدستور برقرار۔بھارت نے ہاکی میں اسکاٹ لینڈ کو5-0سے ہرادیا۔ دولت مشترکہ کھیلوں کے مقابلوں کا اختتام 8اگست کو ہوگا۔ 28جولائی سے تمغوں کے لیے ایتھلیٹس کی شروع ہونے والی دوڑ آدھا سفر مکمل کرچکی ہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ پہلے روز سے برتری رکھنے والا ملک آسٹریلیا کے آگے بند کون باندھتا ہے جبکے برطانیہ/انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی اس سلسلے میں کوششیں جاری ہیں۔ دوسری طرف پاکستان کا دیو قامت دستہ ابھی تک کوئی بہت بڑا کارنامہ انجام دینے میں ناکام رہاہے اور اس کے ساتھ جانے والے آفیشلز اور منظور نظر صحافیوں کی بے پروائی کے ساتھ موجیں سیر وتفریح سپاٹے والی ذندگی کے مزے جاری و ساری ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ٹاپ سیڈڈ پال کول کامن ویلتھ گیمز ا سکواش مینز سنگلز ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئے۔انہوں نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میچ میں بھارتی حریف کھلاڑی سورو گھوسل کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ اسکواش ایونٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑی اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ پال کول نے یکطرفہ مقابلے کے بعد بھارتی حریف کھلاڑی سورو گھوسل کو اسٹریٹ سیٹس میں3-0سیٹس میں شکست دی۔ نیوزی لینڈ کے پال کول نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بھارتی کھلاڑی سورو گھوسل کو اسٹریٹ سیٹس میں 9-11، 4-11 اور 1-11 سے ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز میں آسٹریلیا نے میڈلز کی سنچری مکمل کرلی۔ رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی ایتھلیٹس اب تک 42گولڈ، 32سلور اور 32برانز میڈل لے چکے ہیں۔