مزید خبریں

میرا گھر اسکیم کے کیسز پانچ ماہ سے تاخیر کا شکار ہیں

کراچی(کامرس رپورٹر)مرکزی بینک نے تمام بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ میرا پاکستان میرا گھر اسکیم پروگرام کے تحت سستے قرضوں کے منظور شدہ کیسز میں رقوم کی تقسیم تیز کریں۔ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق میرا پاکستان میرا گھر اسکیم کے کیسز پانچ ماہ سے تاخیر کا شکار ہیں۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے بینکوں اور ڈی ایف آئیز کو جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ بینکس سستے قرضوں کے اجرا میں 25 جولائی کو جاری کردہ سرکلر نمبر 10 کی ہدایات پر عمل کریں۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک قرضوں کے تمام کیسز کے حوالے سے بینکوں کی کڑی نگرانی کرے گا۔ترجمان کے مطابق قرض کیلئے درخواست گذار کسی بھی قسم کی مشکلات پر اسٹیٹ بینک کو براہ راست شکایت کرسکتے ہیں۔خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق 30 جون 2022 کو ختم ہونے والے مالی سال تک بینکوں کو 514 ارب روپے قرضے کے لیے درخواستیں وصول ہوئیں جن میں سے 236 ارب روپے کی درخواستیں منظور کی گئیں اور تقریبا سو ارب روپے کا قرضہ جاری کیا گیا۔