مزید خبریں

Jamaat e islami

باڈہ کے تحصیل بننے کی حمایت کرتا ہوں، نثار احمد کھوڑو

باڈہ (نمائندہ جسارت) ہر انسان چاہتا ہے کے وہ سکھی زندگی بسر کرے ٹھیک ویسے ہی باڈہ مکین بھی ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ باڈہ بہت بڑا اور کاروباری شہر ہے جو آبادی کے اعتبار سے ہر روز بڑھتا جا رہا ہے، جس کی ترقی اور خوشحالی کے لیے جدوجہد کرنا مکینوں کا بنیادی حق ہے اور میں تعلقہ موومنٹ کی مسلسل 4 سالہ جدوجہد پر تعلقہ موومنٹ قیادت اور مکینوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں انہوں نے اتنی لمبی جدوجہد طے کرکے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ میں خود بھی تحصیل کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی سندھ کے صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو نے باڈہ تعلقہ موومنٹ کراچی کے کنوینر سینئر صحافی عبدالحمید سومرو کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ باڈہ اکثر آنا جانا ہوتا ہے ،تمام روڈ کی حالت خستہ حال ہے۔ شہر میں ٹریفک کا آزار دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ شہر میں بائی پاس کی شدید ضرورت ہے، ٹریفک کے باعث کاروباری طبقہ بہت متاثر رہتا ہے۔ شہر سے بڑی گاڑیاں خصوصاً سوکھی گھاس سے بھرے ٹریکٹرز کے گزرنے سے شہریوں کو شدید تکالیف کا سامنا درپیش رہتا ہے ہم بائی پاس دینے کے لیے کوشاں ہیں انشاء اللہ بہت جلد باڈہ کو بائی پاس دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 4 سال کی جدوجہد کوئی مذاق نہیں ،خون پسینہ ایک کرنا پڑتا ہے میرے لحاظ سے مکین باشعور ہیں جو اپنے حقوق کے حاصلات کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ چاہتا ہوں کہ باڈہ شہر کو تحصیل کا درجہ ملنا چاہیے باڈہ تحصیل بننے سے بہت سارے ادارے نئے بنیں گے اور پرانے ادارے اپ گریڈ ہو جائیں گے۔