مزید خبریں

Jamaat e islami

بدین: کراچی غازی گوٹھ کے گھر مسمار کرنے کیخلاف ایس یو پی کی اپیل پر احتجاج

بدین (نمائندہ جسارت) کراچی میں واقع غازی گوٹھ پر پولیس چڑھائی، خواتین اور بچوں پر بدترین تشدد، گھروں کو مسمار کرنے کے خلاف ایس یو پی کی اپیل پر احتجاج، ریلی اور مظاہرہ کیا گیا۔سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی جانب سے کراچی کے غازی گوٹھ کے قدیمی مکینوں پر سندھ حکومت اور بلڈر مافیا کی ایما پر پولیس کی چڑھائی، پرامن مکینوں مرد خواتین اور بچوں پر بدترین اور وحشیانہ تشدد اور گھروں کو مسمار کرنے کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرہ بھی کیا گیا۔ ایس یو پی کے کارکنوں نے مرکزی نائب صدر ایڈووکیٹ امیر آزاد پھنور، ضلعی صدر حیدر شاہ دانش، نور ماجد انصاری کی قیادت میں بلاول پارک سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرداری حکومت نے سندھ کے وسائل اور خزانے کو بے دردی سے لوٹ کر برباد کیا اور اب سندھ کے عوام پر ظلم کی انتہا کر کے کراچی کی زمین اور پلاٹ بلڈر مافیا کے حوالے کرنے کے لیے کراچی میں آباد سندھیوں کو بے دخل کرنے کے لیے غازی گوٹھ سمیت دیگر سندھی آبادیوں کو حکومتی مشینری اور سندھ پولیس استعمال کرکے زبردستی گھر مسمار کیے جا رہے ہیں، اپنے گھروں، چھت اور چار دیواری کی حفاظت کرنے والے شہریوں کو ظلم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے خواتین اور بچوں پر بدترین تشدد کر کے آمریت کی یاد تازہ کر دی۔