مزید خبریں

کمشنر لاڑکانہ ڈویژن کا بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

قنبر علی خان(نمائندہ جسارت) کمشنر لاڑکانہ ڈویژن گھنور علی لغاری ڈی سی قنبر جاوید نبی کھوسو کے ہمراہ قنبر کے سیلاب زدہ علاقوں غیبی ڈیرو ، سونو خان چانڈیو ، حاجی محمد حسن برڑو ، اور گاؤں دینار خان برڑو پہنچے جہاں انہوںنے بارش اور سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کئے اور متاثرین کیلئے لگائے گئے ہنگامی کیمپوں کا جائزہ لیا جبکہ لوگوں سے بارش اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی بابت معلومات حاصل کی ۔اس موقع پر وہاں موجود افسران نے ضلع قنبر شہدادکوٹ میں حالیہ بارشو ں کے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے کمشنر لاڑکانہ کو بریفنگ دی۔ بعدازاں کمشنر لاڑکانہ گھنور علی لغاری نے صحافیوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ افسران سیلاب زدہ متاثرہ علاقوں میں قائم ریلیف کیمپوں میںمتاثرین کو کھانا اور پانی نہ ملنے کی شکایا ت کا فوری ازالہ کریں متاثرین کو کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہیے جبکہ میڈیکل کیمپس کا جال بچھایا جائے۔ اس حوالے سے کوئی کوتاہی اور غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ذمے دارا ن کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ہم سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک ہرگز چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ کمشنر نے کہاکہ غیر معمولی بارشوں سے جو نقصانات اور انفرااسٹرکچر کی تباہی ہوئی اس سلسلے میں وفاقی حکومت کے تعاون سے حکومت سندھ متاثرین کی مکمل بحالی اور آبادکاری کیلیے پر عزم ہے جبکہ حکومت کے ساتھ مقامی وبین الاقوامی تنظیمیں بھی سیلاب متاثرین اور بے گھر افراد کی مدد ومعاونت کیلیے کوشاں ہیں۔ اس موقع پر پی پی ایم پی اے نواب سردار خان چانڈیو سمیت دیگر اہم شخصیا ت بھی کمشنر لاڑکانہ کے ہمراہ تھے۔