مزید خبریں

بجلی کے بلوں میں ٹیکس وصولی کیخلاف عدالت جائیں گے،ہارون میمن

سکھر (نمائندہ جسارت) آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ٹیکس وصولی کیخلاف ہائیکورٹ میں آئینی پٹیشن دائر کی جائے گی۔ یہ بات آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریزکے بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن نے اپنی رہائش گاہ پر تاجروں، شہریوں اور صارفین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بل میں سے تمام ٹیکس ختم کیے جائیں ٹی وی لائسنس سمیت تمام ٹیکس متعلقہ محکمے میں از خود وصول کریں سیلز ٹیکس وصول کرنا ایف بی آر کی ذمے داری ہے اگر بجلی کے بلوں میں ٹیکس وصولی کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو 10 محرم الحرام کے بعد ہائیکورٹ میں آئینی پٹیشن دائر کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت اس قدر بڑھادی گئی ہے کہ بھاری رقوم کے بل ارسال کیے جارہے ہیں اور ٹیکسوں کی وجہ سے رقم بہت بڑھ جاتی ہے جسے ادا کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کہیں ایسا نہیں ہوتا ہے کہ بجلی کے بل میں ٹیکسز کی بھرمار کردی جائے بجلی کے بل میں ٹیکسز لگاکر بجلی کے بل ادا کرنے کی جبری روایت صرف ہمارے ملک میں ہے جو کہ انتہائی ناقابل برداشت ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو سہولتیں دینے کے بجائے ہر روز نیا مسئلہ پیدا کرنا حکومت کی طرف سے بڑی نا انصافی ہے اور ظلم کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی پالیسیاں حکومت کو لے ڈوبیں گی وزیراعظم شہباز شریف فوری طور پر مفتاح اسماعیل کو عہدے سے ہٹاکر کسی قومی اسمبلی کے ممبر کو وزیر خزانہ مقرر کریں۔