مزید خبریں

Jamaat e islami

حکمران ہر محاذ پر ناکام ہوچکے ہیں ،علی احمد گورایہ

فیصل آباد(جسارت نیوز)کسان بورڈ کے ڈویژنل صدرعلی احمدگورایہ نے کہا ہے کہ حکمران ہر محاذ پر ناکام ہوچکے ہیں۔ سیلاب سے لوگ مررہے ہیں۔ ہزاروں کاشتکار فصلوں کی تباہی سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں سیکڑوں دیہات زیر آب آچکے ہیں۔ کوئی بھی پرسان حال نہیں۔متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جارہی ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں سیلاب سے متاثرہ کسانوں کی دل کھول کر امدا د کریں۔ انہوں نے کہا کہ متعدد علاقوں میں پل، سڑکیں، مال مویشی اور گھر بہہ گئے، بستیاں ڈوب گئیں۔ فصلیں، باغات تباہ و برباد ہوگئے ہیں۔ گھروں کے مکین خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ ملک میں قیامت صغریٰ کا منظر ہے اور حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی کررہے ہیں۔ ان لوگوں کو عوام کا دکھ درد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے رضاکار سیلاب متاثرین کی شب و روز خدمت میں مامور ہیں۔ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے والوں کو اس وقت قوم کی ضرورت ہے۔علی احمدگورایہ نے مزید کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔ جب اضافہ کرنا ہوتا ہے تو25روپے تک ایک ہی وار میں بڑھادیا جاتا ہے، اور کمی دو تین روپے کی جاتی ہے۔ حکومت اگر عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنا چاہتی ہے تو ساری توجہ عوام کے مسائل پر مرکوز کرے۔ باہمی نفرتوں، داخلی انتشار اور افراتفری کا براہ راست نقصان ملک و قوم کو ہورہا ہے۔