مزید خبریں

بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے پر دلی صدمہ ہے ،مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(نمائندہ جسارت )امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی ،جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمن بلوچ،نائب امرا مولاناعبدالکبیر شاکر ،بشیراحمدماندائی ،زاہداختر بلوچ ،میر محمد عاصم سنجرانی ، حافظ محمد اسماعیل مینگل ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالولی خان شاکر نے ساکران بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثہ پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ شہید فوجی افسران ملک وقوم کا سرمایہ وفخر تھے وہ بارش متاثرین کی خدمت کیلیے نکلے تھے ۔قومی فریضہ وخدمات کی ادائیگی کے دوران جان کا نذرانہ دینے والے ہیروزکو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی ۔جماعت اسلامی اور پوری قوم شہدا کے لواحقین کے دکھ دردمیں برابرکے شریک ہیں حادثہ میں شہید ہونے والے فوجی افسران اور جوانوں کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔انہوں نے کہاکہ ہیلی کاپٹر واقعہ قومی حادثہ ہے اور اس سے پوری قوم غمناک ہے ،الیکشن کمیشن کے فیصلہ سے پی ٹی آئی بے نقاب ہو گئی ۔ملک کو لٹیروں ،دشمن کے آلہ کاروں اور امریکا وآئی ایم ایف کے غلاموں نے تباہ کر کے رکھ دیا ہے ۔صاف چلی شفاف چلی ، قرض اتاروں ملک سنوارو،سب سے پہلے پاکستان سمیت مختلف نعروں سے قوم کو باربار دھوکہ دیا گیا ہے فارن فنڈنگ سمیت ان حکمرانوں نے ہر موقع پر قوم کو تباہ وبرباداورذاتی مفادات کو ترجیح دی اب فیصلہ آنے کا مطلب یہ ہوا کہ اگر ایک پارٹی حکومت میں ہے تو وہ احتساب سے بالاتر ہے۔یہ ہمیشہ غلط روایت اور انصاف کا راستہ روکنے والاہتھیار ہے کہ مقتدرپارٹی کااحتساب نہیں کیاجاتا جس کی وجہ سے قوم کو بھاری نقصان ہوا ہے جماعت اسلامی کا مؤقف درست ثابت ہوا کہ تینوں نام نہاد سیاسی جماعتیں مافیاز کے کلب ہیں عوام ملک کو معاشی تباہی پر پہنچانے والی پارٹیوں کو خیرباد کہہ کر جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔