مزید خبریں

بن قاسم پلانٹ بند ،بجلی کی پیداوار میں بڑی کمی ،لوڈشیڈنگ کا نیا سلسلہ شروع

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک/ اسٹاف رپورٹر) بن قاسم کا نیا پاور پلانٹ تھری بند ہونے سے 450 میگا واٹ بجلی کی کمی ہو گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں بن قاسم کے نئے پاور پلانٹ تھری کی بندش سے 450 میگا واٹ بجلی کی کمی کی وجہ سے شہر میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ پاور پلانٹ کے ٹربائن کی مرمت میں 2 سے 3 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے، اس کے لیے پرزے بیرون ملک سے منگوائے جائیں گے۔ بن قاسم ون پاور پلانٹ پرانا ہونے کی وجہ سے صرف 250 سے 300 میگا واٹ تک بجلی بنا رہا ہے۔ بجلی کی کمی کی وجہ سے شہر میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، شہر کے مستثنا علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، جہاں 3 بار ڈیڑھ گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہونے لگی ہے۔ شہر کے دیگر مختلف علاقوں میں 10 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس ٹربائن بند ہونے سے بجلی کی پیداوار میں کمی ہو گئی ہے‘ بن قاسم کے پرانے گیس سے چلنے والے 2 یونٹس کو فرنس آئل کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔ دوسری طرف ترجمان کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر میں اضافی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں کراچی کے علاقوں کورنگی، لانڈھی، بھینس کالونی، ملیر، سرجانی ٹاؤن، اورنگی، بلدیہ، کیماڑی، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، سائٹ، اولڈ سٹی ایریا، ملیر، شاہ فیصل کالونی، یوسف گوٹھ، تیسر ٹاؤن، گڈاپ، کاٹھور، اسکیم 33، رزاق آباد، گلشن حدید، شاہ لطیف ٹاؤن، ماری پور، لیاری اور دیگر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ دورانیے میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔