مزید خبریں

قومی اسمبلی :قومی احتساب بیورو دوسرا ترمیمی بل 2022 ء منظور

اسلام آ باد (مانیٹر نگ ڈ یسک ) قومی اسمبلی نے قومی احتساب بیورو دوسرا ترمیمی بل 2022 منظورکرلیا۔وزیرمملکت برائے قانون سینیٹر شہادت اعوان نے قومی اسمبلی میں قومی احتساب آرڈیننس 1999 ء میں مزید ترمیم کا بل دوئم 2022 ء پیش کیا۔ایوان نے بل کی شق وار منظوری دی۔ مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی زہرہ ودود فاطمی نے بورڈ اینڈ ٹرسٹیز کو بھی استشنا دینے کی ترمیم پیش کردی۔حکومت نے ترمیم کی حمایت کی۔قومی اسمبلی میں منظور کیے گئے نیب دوسرا ترمیمی بل 2022ء کے مطابق نیب 50 کروڑ روپے سے کم کرپشن کے کیسز کی تحقیقات نہیں کر سکے گا۔ صدر مملکت سے احتساب عدالت کے ججوں کی تقرری کا اختیار واپس لے لیا گیا جبکہ نیب کے پروسیکیوٹر جنرل کی مدت ملازمت میں 3 سالہ توسیع کی جا سکے گی۔وزیر مملکت قانون شہادت اعوان نے اشاعت قوانین پاکستان ترمیمی بل2022ء ایوان میں پیش کیا جسے کثرت رائے سے منظورکرلیا گیا۔جی ڈی اے کی رکن ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے قومی اسمبلی میں خطاب میں کہا کہ وقفہ سوالات کو معطل کرکے نیب کا قانون جلد بازی میں منظور کیا گیا۔ بتایا جائے اتنی جلدی کیا تھی۔ نیب کا اتنا اہم قانون بغیر کورم کے منظورکرلیا گیا۔