مزید خبریں

وفاقی حکومت کاسیلاب متاثرین کو امداد دینے کااعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمن نے کہا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب وفاقی حکومت صوبوں میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے آن گراؤنڈ کام کر رہی ہے۔کمشنر کراچی کے دفتر میں سندھ کے سیلاب سے متاثرہ افراد میں بدھ کو چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے فلڈ ریلیف کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی چند متاثرہ افراد میں 10,10 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے جارہے ہیں جبکہ سندھ کے بقیہ اور بلوچستان کے متاثرین کو بھی جلد معاوضہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور اسٹیک ہولڈرز متاثرہ افراد کی امداد کے لیے ایک پیج پر ہیں۔ وزیراعظم کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی نے سیلاب سے متاثرہ اندرون سندھ کے علاقوں کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے تقریبا 47اموات ہوئیں، 18 ہزار مکانات کو نقصان پہنچا، 9 لاکھ ایکڑ فصلوں کے علاوہ مویشیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ جن لوگوں کے گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے ان کو 5 لاکھ جبکہ جن کے گھر کو جزوی نقصان ہوا انہیں ڈھائی لاکھ معاوضہ دیا جائے گا۔ اس موقع پر اراکین قومی اسمبلی میر عامر علی خان مگسی، کیسو مل کھیل داس کوہستانی اور کمشنر کراچی محمد اقبال میمن بھی موجود تھے۔