مزید خبریں

عمران کی نااہلی کیلئے ریفرنس لانے کا فیصلہ

اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر/صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی اتحادی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی کیلئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائے گا۔پی ٹی آئی کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے خلاف جلد آپریشن کلین اپ شروع ہونے کا امکان، عمران خان کو نااہل قرار دلوانے کے لیے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ’ سابق وزیراعظم اور دیگر قیادت کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق وفاقی کابینہ سے آج(جمعرات) منظوری لی جائے گی، ریڈ زون میں تحریک انصاف کو کسی صورت احتجاج نہیں کرنے دیا جائے گا، مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے اتحادی جماعتوں کو آئندہ 48 گھنٹوں میں پی ٹی آئی کے خلاف ریفرنس سپریم کورٹ بھیجنے کی ہدایت کردی‘ اجلاس نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سپریم کورٹ سے استدعا کی جائے کہ اس ریفرنس کو فل کورٹ سنے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصرکے ایجنڈے پر عدم استحکام پیدا کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے، عمران خان سی پیک کو رول بیک اور کشمیرکا سودا کرنے میں بھی براہ راست ملوث ہے۔اجلاس میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام ف مولانا فضل الرحمان کا پی ٹی آئی کے عہدیداروں کی فوری طور پر گرفتاریاں عمل میں کا مطالبہ۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کے سربراہان کا بدھ کے روز وزیراعظم ہاوس میں اجلاس ہوا، اجلاس میں پیپلزپارٹی کی جانب سے خورشید شاہ، فیصل کریم کنڈی، پلوشہ بہرام اور فاروق ایچ نائیک، جبکہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، مریم اورنگزیب، اعظم تارڑ، رانا تنویر، دیگر جماعتوں کے آفتاب شیرپاو، محمود خان اچکزئی، کشور زہرہ بھی شریک ہوئیں، اجلاس میں لندن سے وڈیو لنک پر نواز شریف اور اسحاق ڈار بھی شریک ہوئے۔جس میں قانونی ٹیم نے بھی شرکت کی، اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے شرکا کو بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف پر پابندی اور عمران خان کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران عمران خان اور دیگر قیادت کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا اور نام نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری آج (جمعرات) وفاقی کابینہ کرے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریڈ زون میں تحریک انصاف سمیت کسی بھی جماعت کو احتجاج نہیں کرنے دیا جائے گا ۔ اجلاس کے دوران گفتگو میں جے یو آئی ف کے وزرا نے زور دیا کہ تحریک انصاف کیخلاف کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ پیپلزپارٹی کے وزرا نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔ اجلاس میں ہونے والے فیصلے کی روشنی میں پی ٹی آئی عہدیداروں کے خلاف آپریشن کلین اپ شروع ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق قانونی ماہرین کی رائے میں عملی اقدام ہوگا، عمران خان کی نااہلی کے لئے قانونی کارروائی کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے، عمران خان کے ساتھیوں کی گرفتاری ہوگی اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں آئے گی۔ ذرائع کے مطابق پورے پاکستان میں مختلف ٹیمیں بیک وقت کارروائی کریں گی، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ ادارے کارروائی کریں گے، عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کی12 نکاتی چارج شیٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق آئندہ چند دن میں پی ٹی آئی کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے خلاف آپریشن کلین اپ شروع ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق اسد قیصر، قاسم سوری، عمران اسماعیل، شاہ فرمان، پنجاب کے سابق سینئر وزیرمیاں محمود الرشید، نجیب ہارون، ثمرعلی خان، سابق ایم پی اے سیما ضیا، عامر کیانی، سیف اللہ نیازی، ڈاکٹر ہمایوں مہمند، کرنل ریٹائرڈ یونس علی رضا، طارق شیخ، سردار اظہر طارق کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سینٹرل سیکرٹریٹ کے 4ملازمین طاہراقبال، محمد نعمان افضل، محمد ارشد اور محمد رفیق کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مرکزی فنانس بورڈ کے6 ارکان کے خلاف بھی قانونی کارروائی ہوگی۔