مزید خبریں

Jamaat e islami

ڈالر کی قدر میں تاریخی 13.50 روپے کی کمی،228 کا ہوگیا،سونا بھی 8 ہزار روپے سستا

کراچی (کامرس رپورٹر/مانیٹرنگ ڈیسک) ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے‘ ڈالرکی قدرمیں 13.50روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد ڈالر228 روپے کا ہو گیا جبکہ سونا بھی8 ہزار روپے سستا ہوا ہے۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں10.80 کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت فروخت 238.80 روپے سے گھٹ کر228.00 روپے ہو گئی جبکہ قیمت خرید میں 12.50روپے کی کمی رہی جس کے بعد قیمت خرید238.50 روپے سے کم ہوکر 226.00 روپے رہی۔ اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں 13.50 روپے کی کمی سے ڈالر کی قیمت خرید 237.50 روپے سے کم ہو کر224.00 روپے اور قیمت فروخت 239.50 روپے سے کم ہو کر226.00 روپے ہو گئی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں15روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قیمت فروخت245.00 روپے سے کم ہو کر 230.00 روپے پر آگئی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 9.58روپے کی بڑی نوعیت کی کمی سے 228.80روپے کی سطح پر بند ہوئی۔اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 11.50روپے سے گھٹ کر 229روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن کے سربراہ ملک بوستان نے خبردار کیا کہ ڈالر روک کر بیٹھنے والوں کو آنے والے دنوں میں نقصان ہوگا۔ انہوں نے عوام کو ڈالر نہ خریدنے کا مشورہ دے دیا اور کہا کہ جن لوگوں کے پاس گھروں میں ڈالر ہیں وہ مارکیٹ میں فروخت کردیں۔ کے سی سی آئی کے سابق صدر عبداللہ ذکی نے کہا کہ آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ کی وجہ سے ہی غیریقینی صورتحال تھی‘ میٹنگ کی تاریخ سامنے آنا ایک بڑی ڈیولپمنٹ ہے، ان شاء اللہ تعالیٰ بورڈ میٹنگ کے بعد1.2بلین ڈالر آئیں گے جس کے بعد ہی تمام دوست ممالک سمیت دیگر بینک پیسے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ 2 سے3 ماہ میں ہمارے پاس ڈالر زیادہ ہوں گے۔ علاوہ ازیں بدھ کو عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا1780ڈالر سے گھٹ کر1766ڈالر ہو گیا ۔ پاکستان کی صرافہ مارکیٹ میں ایک تولہ سونے کی قیمت8600 روپے کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 45 ہزار300 روپے ہو گئی ۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق چاندی کی فی تولہ قیمت 20 روپے کی کمی کے ساتھ 1620روپے ہوگئی ہے ۔