مزید خبریں

کینیڈا کے جنگلات میں آتشزدگی ، کیلیفورنیا میں 2ہلاک

اوٹاوا؍ واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپ اور امریکا کے بعد کینیڈا کے جنگلات میں بھی آگ بھڑک اٹھی ۔خبررساں اداروں کے مطابق کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں جنگل کی آگ کی وجہ سے 300سے زائد گھر وں کو خالی کروانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں،جب کہ آگ کے پیش نظر 438رہایش گاہوں کو مزید خالی کروایا جا سکتا ہے۔ مقامی حکام نے اپنے بیان میں عوام کو گرم اور خشک موسم کی وجہ سے کھلے مقامات پر آگ جلانے اور آتش بازی سے منع کیا ہے،جب کہ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی آگ کو بجھانے کی کوشش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرم موسم اور تیز ہواؤں کے باعث فائر بریگیڈ کا شدید مشکلات کاسامنا ہے۔ آتش زدگی کے باعث 2افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ان کی لاشیں ایک جلی ہوئی گاڑی سے برآمد ہوئیں۔